شہرقائد،مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرزکے مبینہ مقابلوں کے دوران8ملزمان مارے گئے،گارڈن میں عوام کے ہاتھوں 2ڈاکو پکڑے گئے ،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید5افراد جان کی بازی ہارگئے،گلشن اقبال پولیس موبائل اور لیاری میں امام بارگاہ پر دستی بموں سے حملے دستی بم پھٹنے سے 2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے

ہفتہ 1 نومبر 2014 07:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1نومبر۔2014ء)شہرقائد میں جمعہ کومختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرزکے مبینہ مقابلوں کے دوران8ملزمان مارے گئے ۔گارڈن میں عوام کے ہاتھوں 2ڈاکو پکڑے گئے زدوکوب کے بعد پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کالعدم تنظیم کے علاقائی امیر کمانڈر سلطان کی موجودگی کی اطلاع پر سہراب گوٹھ کوئٹہ ٹاون میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی ۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں کمانڈر سلطان 3ساتھیوں سمیت مارا گیا ۔کمانڈر امیر سلطان کالعدم تحریک طالبان کراچی کا امیر تھا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ،دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ۔لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

ادھر سچل تھانے کی حدود سکندر آباد میں لوٹ مار کے دوران ڈاکووٴں کا سامنا اسنیپ چیکنگ پر مامور پولیس اہلکاروں سے ہوگیا ۔

پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر ڈاکووٴں نے فائرنگ کردی ۔جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 25سالہ اللہ دتہ ولد باغ علی ہلاک ہوگیا ۔جبکہ اس کا دوسرا ساتھی گرفتار کرلیا گیا ۔ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ۔لیاری کے علاقے رنگی واڑہ میں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں لیاری کے جرائم پیشہ گروہ کا کارندہ مارا گیا ۔ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ۔

علاوہ ازیں لیاری کے علا قے چاکیواڑہ تھانے کی حدود رانگی واڑہ ہادی گودام پر خفیہ اطلاع پر رینجرز نے چھاپہ مار ا ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کر دی رینجرز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں لیاری جرائم پیشہ افراد کے گروہ کے 3کارندے مارے گئے بعدا ازاں دہشت گرد وں کی شناخت گل حسن الیاس عرف مولا کرن ، امداد بلوچ اور شریف کے ناموں سے ہوگئی رینجرز ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے بتایا جا تا ہے ملزمان قتل، اقدام قتل ، اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری ، ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ۔

ملزمان کے قبضے سے راکٹ لانچر ، ایس ایم جی سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔ شہر قائدمیں جمعہ کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مزید5افراد جان کی بازی ہارگئے ۔

گلشن اقبال پولیس موبائل اور لیاری میں امام بارگاہ پر دستی بموں سے حملے دستی بم پھٹنے سے 2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود ایوب گوٹھ ندی والی گلی راجپوت محلے میں گھر کے اندر پولیس اہلکار رحیم نے اپنے ہونے والے سسر 55سالہ نذیر ولد شریف کو گولی مارکر قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا ۔

مقتول کی بیوہ نے بتایا کہ پولیس اہلکار رحیم نے 4ماہ قبل میری دوسرے نمبر کی بیٹی آسیہ کو گھر سے اغواء کرلیا تھا۔آسیہ گذشتہ رات ہمارے پاس واپس آگئی ،جس پر پولیس اہلکار طیش میں آگیا اور صبح گھر میں گھس کر میرے شوہر نذیر کو گردن میں گولی مارکر قتل کرکے فرار ہوگیا ۔مقتول پانچ بچوں کا باپ اور اس کا آبائی تعلق گھوٹکی سے بتایا جاتا ہے ۔گلبرگ تھانے کی حدود موسیٰ کالونی میں تلخ کلامی کے بعد ہارون نامی نوجوان نے تیز دھار آلے کے وار کرکے 25سالہ ندیم ولد عمر دراز صابری کو قتل کردیا ۔

مقتول 5بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا جبکہ علاقے کے لوگوں نے ملزم ہارون کو واحد کالونی میں گھر سے پکڑ کر زدوکوب کے بعد پولیس کے حوالے کردیا ۔لیاری چیل چوک پر نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے 28سالہ خالد کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول لیاری کا رہائشی اور واقعے کے وقت فشری اپنے کام سے جا رہا تھا۔سرجانی ٹاون تھانے کی حدود لیاری تیسر ٹاون سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی پولیس کے مطابق نوجوان کو اغواکے بعد تشددکا نشانہ بنانے کے بعد سر مین گولی مار کر قتل کیا گیا بعد ازاں ملزمان لاش کو مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے ۔نوجوان سے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے ہیں حلئے سے سندھی معلوم ہوتاہے تاہم تا حال نوجوان کی شناخت نا ہوسکی ۔

لاش کو ظابطہ کی کارروائی کے بعد ایدھی سر د خانے منتقل کر دیا گیا ۔کلفٹن ہائر اسٹار کے عقب میں سی ویو کے کنارے سے24سالہ نا معلوم نوجوان کی ڈوبی ہوئی لاش ملی جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ لاش 2سے 3روز پرانی ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

ادھر ملیر سٹی تھانے کی حدود غازی ٹاوٴن قبرستان کے قریب اکبر پائپ فیکٹری کے چوکیدار 70سالہ محمد خان ولد پنڈو خان کو نامعلوم افراد نے گولیاں مارکر شدید زخمی کردیا ۔ادھر لیاری میں امام بارگاہ پر نامعلوم افراد2 دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے ۔دستی بم پھٹ ناسکا واقع کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیابم ڈسپوزل اسکواڈ نے دستی بموں کو نا کا رہ بنا کر تحویل میں لے لیا ۔

گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر دستی بم پھینک دیا ملزمان نے دستی بم پھینک کر موبائل پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ دستی بم پھٹنے سے پولیس موبائلSP-564.A میں آگ لگ گئی 2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔دھماکے کی آواز اور فائرنگ سے علاقے میں شد ید خوف وہراس بھیل گیا ۔ واقع کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔فائربریگیڈ کی گاڑی نے فوری طور پر آگ پر قابو پالیا ۔