سید عبداللہ شاہ غازی  کی دعاؤں کے طفیل سمندری طوفان ٹل جائیگا شہر کراچی کو کوئی نقصان نہیں ہوگاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی،تنقید کرنے والوں کے منہ انشاء اللہ کل تک بند ہوجائیں گے زمانہ دیکھے گا میں نے جو کہا تھا وہ سچ تھا ،ہمارا یہ اعتقاد ہے کہ غازی بابا کی دعاؤں کے طفیل شہر کراچی آباد رہے گا،درگاہ سید عبداللہ شاہ غازی پر حاضری کے موقع پر گفتگو

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:02

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ سید عبداللہ شاہ غازی  کی دعاؤں کے طفیل سمندری طوفان ٹل جائیگا، اور شہر کراچی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔تنقید کرنے والوں کے منہ انشاء اللہ کل تک بند ہوجائیں گے زمانہ دیکھے گا کہ میں نے جو کہا تھا وہ سچ تھا ۔ہمارا یہ اعتقاد ہے کہ غازی بابا کی دعاؤں کے طفیل شہر کراچی آباد رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بغیر کسی پروٹوکول کے علی الصبح درگاہ سید عبداللہ شاہ غازی پر حاضری بغیر کسی پیشگی اطلاع کے صبح تقریباً 10بجے اچانک کی ۔ اس وقت مزار پر زائرین کا جم غفیر تھا ، جو سمندری طوفان کے خطرے کے باوجود درگاہ سید عبداللہ شاہ غازی  پر حاضری کیلئے موجود تھے، زائرین نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو اپنے درمیان پا کر خوشی کااظہار کیا انہوں نے آغا سراج درانی کو سندھ اسمبلی کے فلور پر سید عبداللہ شاہ غازی کے لاکھوں عقیدت مندوں کے جذبات کی ترجمانی پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا بالخصوص خواتین ،بچوں اور بزرگوں نے آغا سراج درانی کے بیان کو سراہا ،اسپیکر سندھ اسمبلی کا استقبال درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے اسسٹنٹ منیجر اوقاف پنوں خان نے کیا، انہوں نے مزار پر حاضری دی اور تقریباً پندرہ منٹ تک درگاہ کے اندر دعا کرتے رہے، بعد ازاں انہیں محکمہ اوقاف کی جانب سے اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ سید عبداللہ شاہ غازی  کی دعاؤں کے طفیل سمندری طوفان ٹل جائیگا، اور شہر کراچی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے اسمبلی کے فلور پر یہ کہا تھا کہ سید عبداللہ شاہ غازی کی دعاؤں کے طفیل کراچی پہلے بھی بچتا رہا ہے اور نیلو فر نامی طوفان سے بھی بچ جائیگا، تو بعض حلقوں کی جانب سے اس پر تنقید کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کے منہ انشاء اللہ کل تک بند ہوجائیں گے زمانہ دیکھے گا کہ میں نے جو کہا تھا وہ سچ تھا اور یہ اولیاء کرام کی چاہنے والے کروڑوں عقیدت مندوں کے دل کی آواز تھی، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ یہ سمندری طوفان کا خطرہ ٹل جائیگا، ہمارا یہ اعتقاد ہے کہ غازی بابا کی دعاؤں کے طفیل شہر کراچی آباد رہے گا ،دریں اثناء مختلف سنی تنظیموں کی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی کے جذبات کا خیر مقدم کیا گیا ہے سنی تحریک کے امیر بلال سلیم قادری اور سینئر رہنما محمد شکیل قادری نے آغا سراج درانی کے جذبات کو کروڑوں عقیدہ مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں سنی عوام آغا سراج درانی کے اس بیان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیوں کہ پاکستان اولیاء کرام کا فیضان ہے اور یہ ملک تا قیامت قائم و دائم رہے گا، پاکستان سنی اتحاد کونسل کے رہنما طارق محبوب نے کہا کہ آغا سراج درانی نے اسمبلی کے فلور پر یہ بیان دے کر عوام اہلسنّت کے دل جیت لئے ہیں ،ہم ان کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں کیوں کہ ماضی میں بھی سید عبداللہ شاہ غازی کی دعاؤں کے طفیل شہر کراچی پر آنے والی مصیبتیں ٹلتی رہی ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی یہ شہر قائم و دائم رہے گا۔