جامع مسجد نئی دہلی میں جانشینی کی تقریب ، شاہی امام نے وزیراعظم نواز شریف سمیت ایک ہزار سے زائد سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کو مدعو کرلیا ، تقریب 22نومبر کو ہوگی ، شاہی امام نے نریندر مودی کی بجائے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، کانگریس رہنما سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو مدعو کیا، گجرات فسادات کے حوالے سے بھارت کے مسلمان نریندر مودی کے کردار کو نہیں بھولے سید امام بخاری

جمعہ 31 اکتوبر 2014 09:08

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء) دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے اپنے 19سالہ بیٹے کی جانشینی کی تقریب میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سمیت کئی سیاسی و مذہبی رہنماؤں کو مدعو کیا تاہم انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مدعو نہیں کیا ۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق سید احمد بخاری نے اپنے 19سالہ بیٹے شاہان بخاری کو اپنا جانشین نامزد کیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ تقریب 22نومبر کو ہوگی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں شرکت کیلئے شاہی امام نے دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کو مدعو کیا ہے جن میں پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی شامل ہیں تاہم حیرت انگیز طور پر امام بخاری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی ۔ سید احمد بخاری کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلمان ابھی بھی گجرات فسادات کے حوالے سے وزیراعظم نریندر مودی کے کردار نہیں کو نہیں بھولے ۔ دریں اثناء احمد بخاری نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، کانگریس رہنما سونیا گاندھی اور ان کے بیٹے راہول گاندھی کو تقریب میں شرکت میں مدعو کیا ہے ۔