تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کو مستعفی نہیں ہونا چاہیے،سردار ایاز صادق ، پی ٹی آئی ارکان کے استعفے آئین وقانون کے مطابق منظور کیے جائیں گے،جب ارکان ایک ایک کرکے تصدیق کے لیے پیش نہیں ہوتے کس طرح استعفے قبول کیے جا سکتے ہیں، عمران خان کے خلاف مقدمہ اللہ تعالی کی عدالت پر چھوڑ دیا ہے،نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 31 اکتوبر 2014 09:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کو پارلیمنٹ سے مستعفی نہیں ہونا چاہیے ۔ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے آئین وقانون کے مطابق منظور کیے جائیں گے۔ جب تک پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی چیمبر میں ایک ایک کرکے تصدیق کے لیے پیش نہیں ہوتے کس طرح استعفے قبول کیے جا سکتے ہیں ۔

جمعرات کے روز نجی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے انہوں نے کہا اگر پی ٹی آئی ارکان کے استعفی قبول ہو جاتے ہیں تو اسپیکر کی مشکلا ت میں اضافہ ہوجائے گا۔ پی ٹی آئی کے ممبران نے چالیس دنوں کے سیشن میں حاضر ی نہ دی تو کوئی بھی رکن ان ک خلاف موشن درخواست جمع کراسکتا ہے جس کے بعد استعفی منظور ہو سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ہر وقت کوئی نہ کوئی بیان دیتے رہتے ہیں ۔

پی ٹی آئی کے ارکان میر ی ذات کے متعلق بھی بیان بازی کرتے رہتے ہیں لیکن جوابی حملہ نہیں کرتا۔ میرے حلقے میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اور نہ ہی دھاندلی پر یقین رکھتا ہوں ۔ انہوں نے کہا عام انتخابات 2013 ء میں دھاندلی نہیں ہوئی ہے ۔ الیکشن ٹربیونلز نے 70 فیصد رزلٹ دئیے ہیں کہ دھاندلی نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا میرے حلقے میں عمران خان دھاندلی کا غلط بیان دیتے ہیں ۔ عمران خان کے خلاف مقدمہ اللہ تعالی کی عدالت پر چھوڑ دیا ہے ۔