تحریک انصاف کے مستعفی ارکان اپنے استعفوں کی تصدیق سے گریز کررہے ہیں، قانون کے مطابق ان کی تصدیق ضروری ہے،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا،الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھیج دیا،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مزید تصدیق سے معذوری ظاہر کردی

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے مستعفی ارکان اپنے استعفوں کی تصدیق سے گریز کررہے ہیں اور قانون کے مطابق ان کی تصدیق ضروری ہے ۔قومی اسمبلی کے جائنٹ سیکرٹری (قانون سازی)محمد مشتاق کی طرف سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل (انتخابات)مسعود احمد ملک کے نام مراسلے میں کہاگیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 16 ستمبر 2014 کو تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کے حوالے سے خط بھیجا تھا جس کے جواب میں 19 ستمبر کو ہماری طرف سے جواب بھیجا گیا اور اب سپیکر کی طرف سے ہدایت کی گئی ہے کہ آپ کو مطلع کیا جائے کہ ہماری مسلسل کوششوں کے باوجود پی ٹی آئی کے وہ ارکان جن کے استعفی سیکرٹریٹ کو ملے تھے ان استعفوں کی حقیقت کی تصدیق یا رضا کارانہ طور پر اعلان سے گریز کررہے ہیں جو قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے قاعدہ 43 میں دی گئی شرائط کا تقاضا ہے اور یہ خط صرف آپ کو اطلاع کے لئے لکھا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو لکھے جانے والے خط میں یہ کہاگیا تھا کہ اگر ان ارکان کے استعفی منظور کرنا ہوں تو وہ پچھلی تاریخوں سے منظور نہ کئے جائیں کیونکہ اس طرح ضمنی انتخابات کے حوالے سے آئینی مشکلات پیدا ہو جائیں گی اور اس کے جواب میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے لکھے گئے خط میں یہ یقین دلایا گیا تھا کہ استعفوں کی تصدیق کے ساتھ ہی معاملات کو آگے بڑھایا جائیگا لیکن اب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تصدیق سے معذوری کا اظہار کر دیا ہے ۔تاہم اس خط کے ساتھ تحریک انصاف کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوائے گئے ۔