سپر یم کورٹ میں عمران خان کی اپنی ہی وکٹ گرگئی ہے،پرویز رشید،عدالت نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا، مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بات کریں تو حکومت تیار ہے، ہمارے دروازے کھلے ہیں، عمران دھرنے کی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے خالی کرسیوں سے خطاب کرنا بند کردیں وزیراطلاعات کی پارلیمنٹ کے سامنے میڈیا سے گفتگو

جمعہ 31 اکتوبر 2014 08:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اکتوبر۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سنیٹیرپرویز رشید نے کہا ہے کہ سپر یم کورٹ میں عمران خان کی اپنی ہی وکٹ گرگئی ہے،سپریم کورٹ نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ۔عمران خان مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بات کریں تو حکومت تیار ہے، حکومت کے دروازے کھلے ہیں ، عمران خان حلف کی پاسداری کریں اور پارلیمنٹ کا حصہ بنیں،عمران خان اپنے دھرنے کی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے خالی کرسیوں سے خطاب کرنا بند کردیں ۔

جمعرات کو پارلیمنٹ کے سامنے میڈیا سے گفتگوکر تے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نوبالزکا شکار ان کی اپنی وکٹ ہی ہو گئی ہے۔ سپر یم کورٹ میں عمران خان کی اپنی ہی وکٹ گرگئی ہے۔ سپریم کورٹ نے عام انتخابات 2013 کو کالعد م قرار دینے کے خلاف تمام دائر درخواستیں مسترد کردی ہیں ۔

(جاری ہے)

عدالت عظمی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

دھاندلی کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوسکے۔ پی ٹی آئی چیئرمین دھرنا ختم کرکے واپس پارلیمنٹ میں آئیں اور عوام کا مقدمہ پالیمنٹ کے اند ر لڑیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نوبالز پر آوٹ ہوگئے ہیں ۔ عمران خان سپریم کورٹ میں یہ بھی ثابت نہیں کر سکے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر کیسے انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہوئی ہے ۔

سابق چیف جسٹس آف پاکستان نے کیسے عام انتخابات میں آراوز کے زریعہ دھاندلی کی ہے۔ عمران خان سپریم کورٹ میں یہ بھی ثابت کریں کہ کیسے نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے پنجاب میں دھاندلی کی ہے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی چیئرمین مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بات کریں تو حکومت تیار ہے ۔ حکومت کے دروازے پی ٹی آئی کیلئے کھلے ہیں ۔ عمران خان حلف کی پاسداری کریں اور پارلیمنٹ کا حصہ بنیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا عمران خان نے دھرنا دے کر پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ پید ا کی ہے اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے لیکن آگے بڑھنے کے لیے عمران خان سے گلہ شکوہ نہیں کرتے وہ پارلیمنٹ کا حصہ بنیں اور پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا بند کردیں ۔ وفاقی وزیر نے مذید کہا عمران خان اپنے دھرنے کی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے دھرنا ختم کریں اور خالی کرسیوں سے خطاب کرنا بند کردیں ۔ پی ٹی آئی نے عام انتخابات کے مقابلے میں ملتان کے ضمنی الیکشن میں کم ووٹ لیے ہیں ۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔