پارلیمنٹ ہاؤس کی برقی توانائی کی ضروریات کوشمسی نظام کے ماتحت لانے کے لیے حکومت پاکستان اور چین کے مابین مفاہمتی یاداشت کی تقریب

جمعرات 30 اکتوبر 2014 07:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) پارلیمنٹ ہاؤس کی برقی توانائی کی ضروریات کوشمسی نظام کے ماتحت لانے کے لیے حکومت پاکستان اور چین کے مابین پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مفاہمتی یاداشت کی تقریب منعقد کی گئی جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اسحاق ڈار ، پاکستان میں چین کے سفیر Mr. Sun Weidong سمیت ارکان پارلیمنٹ ، قومی اسمبلی و دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ جانا جاتا ہے کہ پاکستانی اور چینی قیادت کے درمیان دوستی سدا بہار اور آزمودہ ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ دوستی کے اس عظیم رشتے کو مزید مستحکم بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی کے تحت ایک میگا واٹ کی برقی توانائی حاصل کرنے کے لیے متعلقہ آلات کی تنصیب پاک -چین دوستی کا تسلسل ہے جس سے اس تعلق میں ایک نئے باب کااضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پارلیمنٹ چینی حکومت خصوصاً پاکستان میں چین کے سفیر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے معاونت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دنیا میں پہلی پارلیمنٹ ہوگی جو اپنی برقی توانائی کی ضروریات شمسی نظام کے تحت حاصل کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسے رول ماڈل بناتے ہوئے دیگر سرکاری عمارات شمسی توانائی سے مستفید ہونگیں۔

وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان توانائی ،مواصلات اور صنعتوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے چینی حکومت کی معاونت کرنے پر شکر گزار ہے۔ انہوں نے چینی حکومت کی جانب سے قدرتی آفات اور شورش پسندی کی بدولت عارضی طورپر بے گھر افراد کی مالی امداد کرنے کو خوش آئند اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی کوششوں کی بدولت ایشین انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ بنک کے قیام سے خطے کے ملکوں کو بے پناہ آسانیاں فراہم آئیں گی اور اس سلسلے میں کام تیزی سے جاری ہے ۔

وفاقی وزیر نے چینی حکومت اور چینی سفیر کا پارلیمنٹ ہاؤس کو شمسی توانائی کے تحت برقی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر Mr. Sun Weidong نے کہا کہ چین کے وزیر اعظم اور صدر پاکستان سے دوستی کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہوں نے یہ تہیہ کر رکھا ہے کہ دوستی کے اس لازوال رشتے کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا ہی نتیجہ ہے کہ شمسی توانائی سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ کم سے کم وقت میں ان منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عارضی بے گھر ہونے والے افراد کی معاونت کے لیے چین نے 10ملین ڈالر کی خطیر رقم دی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پرعزم ہے کہ وہ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :