پارلیمانی کمیٹی برائے چیف الیکشن کمشنر و ممبران تعیناتی کا اجلا س ، حاجی عدیل نے الیکشن کمشنر کے تقرر پر حکومت اور پیپلزپارٹی کے موقف کی مخالفت کر دی ،چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی جلداز جلد ہونی چاہئے، حاجی عدیل

جمعرات 30 اکتوبر 2014 07:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) پارلیمانی کمیٹی برائے چیف الیکشن کمشنر و ممبران تعیناتی نے طریقہ کار وضع کرنے پر غور کیا‘ رکن کمیٹی حاجی عدیل نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر پر حکومت اور پیپلزپارٹی کے موقف کی مخالفت کرتے ہیں اس کی تعیناتی جلداز جلد ہونی چاہئے۔ بدھ کو پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رفیق رجوانہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں اراکین کمیٹی نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی رفیق رجوانہ نے کہا کہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد پہلا اجلاس بلایا ہے جس میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری و ممبران کمیٹی نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ یہ کمیٹی آئین کے آرٹیکل 213 کے تحت تشکیل دی گئی کیونکہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کے بعد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے جو نام بھیجے جائیں گے ان کا جائزہ لیں گے اور چودہ دن کے بعد کمیٹی وزیراعظم کو نام فائنل کرکے بھیجے گی۔ اس موقع پر رکن کمیٹی کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ سابق چیف الیکشن کمشنر حامد علی مرزا کے فیصلوں سے الیکشن کمیشن مقبولیت کھوچکا ہے۔ اکثر فیصلے ان کی ڈکٹیشن کے مرہون منت ہوتے تھے جبکہ حاجی عدیل نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور حکومت کے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی بارے موقف کی حمایت نہیں کرتے۔