اسٹیبلشمنٹ واضح کرے کہ وہ کسی تحریک کے پیچھے نہیں، مولانا فضل الرحمان، مجھے بتایا جائے کہ مجھ پر حملوں کا ذمہ دار کون ہے،اسلامک یونیورسٹی نے اسرائیل کا ثقافتی میلہ سجایا اوراسی یونیورسٹی کے ڈین کا تعلق تحریک انصاف سے ہے،سربراہ جے یو آئی (ف) کی پشاور میں میڈیاسے گفتگو

جمعرات 30 اکتوبر 2014 07:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ واضح کرے کہ وہ کسی تحریک کے پیچھے نہیں اور مجھے بتایا جائے کہ مجھ پر حملوں کا ذمہ دار کون ہے۔

(جاری ہے)

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مجھ پر پہلے بھی حملہ ہوا اور میرا اللہ ہی حافظ ہے لیکن فوج کے کسی بڑے کو مجھ سے اظہار ہمدردی ک توفیق نہیں ہوئی،آخر بتایا جائے کہ مجھ پر حملہ کرنے والے کون لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو میرے ساتھ بیٹھ کر بات کرنا ہوگی کیوں کہ میں بھی ایک شہری ہوں اور ملک میں مسلح جنگ لڑنا نہیں چاہتا۔سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں گزشتہ 2 ماہ سے فحاشی اور بے حیائی کا دھندا ہورہا ہے اور اس فحاشی اور عریانی کا نوٹس لیا جائے۔ کیا آئی ایس پی آر کو یہ نظر نہیں آرہا جبکہ اسلامک یونیورسٹی نے اسرائیل کا ثقافتی میلہ سجایا اور اسی یونیورسٹی کے ڈین کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔