پاکستان میں کرکٹ کی بحالی، پی سی بی کا تین ملکی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کرانے پر غور، آئی سی سی میٹنگ کے دوران تین قومی ٹورنامنٹ کے حوالے سے پیش رفت کی توقع ہے، پاکستان کے ویران میدان آباد کرنے کیلئے مختلف آپشنز زیر غور ہیں ، شہریار خان

جمعرات 30 اکتوبر 2014 03:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اکتوبر۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ آئندہ سال ورلڈ کپ کے بعد غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد شروع ہوجائے گی۔پی سی بی ٹیسٹ کھیلنے والے پڑوسی ملکوں بنگلہ دیش اور سری لنکا کو قائل کرنے کے بعد سال نو میں پاکستان میں تین ملکی انٹر نیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ آئندہ آئی سی سی میٹنگ کے دوران تین قومی ٹورنامنٹ کے حوالے سے پیش رفت کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بتایا کہ ساڑھے پانچ سال پاکستان کے ویران میدانوں کو آباد کرنے کے لئے مختلف آپشنزپر غور کیا جارہا ہے۔کئی ملکوں کی انڈر19،اور اے ٹیموں کو مدعو کیا جارہا ہے۔کئی ایسوسی ایٹ ملکوں کی ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں لیکن ہمارا فوکس ہے کہ ٹیسٹ کھیلنے والی دو ٹیموں سری لنکا اور بنگلہ دیش کو پاکستان بلوا کر پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال کی جائے۔ایک بار غیر ملکی ٹورنامنٹ ہوگیا تو پھر غیر ملکی ٹیموں کے لئے دروازے کھلنا شروع ہوجائیں گے۔پاکستان ،سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان ورلڈ کپ کے بعد ٹورنامنٹ پاکستان میں کرانا چاہتے ہیں۔میں اپنے بنگلہ د یش اور سری لنکا کیدورے میں ان ملکوں کے حکام سے بات چیت کر چکا ہوں۔