پرویزمشرف کی والدہ بیٹے سے ملنے علالت کے باوجود دبئی سے کراچی پہنچ گئیں،زریں مشرف وہیل چیئر پر تھیں ان کے ہمراہ ضروری طبی آلات اورآکسیجن کٹ بھی تھی

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء)سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کی والدہ بیٹے سے ملنے علالت کے باوجود منگل کی سہ پہردبئی سے کراچی پہنچ گئیں۔زریں مشرف پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 208 کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ وہیل چیئر پر تھیں ان کے ہمراہ ضروری طبی آلات اورآکسیجن کٹ بھی تھی۔زریں مشرف شدید علیل اور دبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

وہ پرویز مشرف سے ملنا چاہتی تھیں اسی لیے وہ کراچی پہنچیں۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے سمیت کئی مقدمات زیر سماعت ہیں، جن کی وجہ سے ان کا نام حکومت نے ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔ مشرف نے اس دوران درخواست دی تھی کہ ان کی طبیعت خراب ہے،اس لیے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے، تاہم یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی، جس کے بعد غداری کے مقدمے کی کارروائی کے دوران پرویز مشرف نے کہا تھا کہ وہ دبئی میں اپنی علیل والدہ کی عیادت اور اپنے علاج کے لیے ملک سے باہر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس حوالے سے عدالت نے فیصلے کا اختیار بھی حکومت کو دے دیا تھا، تاہم حکومت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے ان کی والدہ کو وطن لانے کے لیے خصوصی طیارہ دینے کی پیشکش کی تھی۔

متعلقہ عنوان :