مسلم لیگ (ن)کی قیادت سے ناراض پارٹی رہنماؤں کی تعداد میں مسلسل اضافہ،پارٹی میں اسمبلیوں کے اندر اور باہر ایک بڑا فارورڈ بلاک سامنے آنے کا امکان، ناراض اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز شامل،سربراہ کھوسہ خاندان سے ہو سکتے ہیں ، فارورڈ بلاک کا امکان نہیں ناراضگیاں دور ہوسکتی ہیں، سیاست میں عزت کمانے کا راستہ وفاداری ہے،رانا ثناء اللہ کا دعویٰ

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت سے ناراض پارٹی رہنماؤں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور پارٹی ذرائع اس خدشہ کا اظہار کر رہے ہیں کہاکہ پارٹی میں اسمبلیوں کے اندر اور باہر ایک بڑا فارورڈ بلاک سامنے آسکتا ہے جس میں ناراض اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز بھی شامل ہوں گے او راس گروپ کے سربراہ کھوسہ خاندان سے ہو سکتے ہیں تاہم دوسری جانب سابق صوبائی و زیر رانا ثناء الله کا کہنا ہے کہ کسی فارورڈ بلاک کا امکان نہیں ناراضگیاں دور ہوسکتی ہیں۔

سیاست میں عزت کمانے کا راستہ وفاداری ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سینیٹر ذوالفقار کھوسہ کے فرزند اور سابق وزیراعلیٰ دوست محمد کھوسہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرے شکوے پارٹی سے نہیں پارٹی قائدین سے ہیں لیگی قیادت کے رویوں کی وجہ سے اراکین اسمبلی فارورڈ بلاک بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے وقت اپنے والد کے کہنے پر پارٹی قائدین سے ناراضگی دور کی لیکن پارٹی قیادت کے دل میں بغض ہے اور انہوں نے میرے خلاف بغض کو روا رکھا انہوں نے کہاکہ رانا ثناء الله قابل احترام ہیں وہ خود بتادیں پارٹی قیادت کا رویہ اور حالات درست ہیں جبکہ رانا ثناء الله نے کہا کہ گھر کے چراغ کو گھر سے آگ نہیں لگے گی دوست محمد کھوسہ اور کچھ دوستوں کی دو تین سال سے ناراضگی اور گلہ ہے ان کے بڑے بھائی سیف کھوسہ نے انتخابات میں پارٹی کو جوائن کیا تھا یہ کھوسہ کی ذاتی ناراضگی ہے جو کسی بھی وقت دور ہوسکتی ہے انہوں نے کہا کہ ذوالفقار کھوسہ سے پہلے بھی ناراضگی تھی اور ان کی میاں نواز شریف سے ملاقات میں گلے شکوے سے دور کرکے ناراضگی ختم کی گئی تھی وہ اب بھی پارٹی کے ٹکٹ پرسینیٹر ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں فارورڈ بلاک بنانے کی جنرل مشرف نے بھی کوشش کی تھی وہ اپنے آٹھ سالہ آمریت کے دور میں ناکام رہے اور ان کے جانے کے بعد (ن) لیگ زیادہ طاقت سے ابھی اب (ن) میں فارورڈ بلاک کی کوئی گنجائش نہیں ہے‘ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل فارورڈ بلاک بنانے والوں نے جو عزت کمائی وہ سب کے سامنے ہے سیاست میں عزت فارورڈ بلاک بنانے سے نہیں بلکہ پارٹی سے وفاداری کرکے کمائی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ دوست محمد کھوسہ اور ان کے والد نے آج تک کوئی گلہ نہیں کیا وہ جب چاہیں ان سے ملاقات کیلئے آسکتے ہیں۔