ایم کیو ایم حکومت سے باہر نہیں رہ سکتی ، اگر وہ سندھ میں نہیں تو مرکزی حکومت سے منسلک ہوجائے گی،اعتزاز احسن ، ملک میں مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں ، نواز شریف اپنے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں وہ استعفیٰ نہیں دینگے ،سید خورشید شاہ آل نبی کی شان میں گستاخی نہیں کرسکتے کیونکہ وہ خود آل نبی میں سے ہیں، میڈیا سے گفتگو

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم حکومت سے باہر نہیں رہ سکتی ، اگر وہ سندھ حکومت میں نہیں تو مرکزی حکومت سے منسلک ہوجائے گی ، وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان دونوں اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں تاہم ملک میں مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں ، سید خورشید شاہ آل نبی کی شان میں گستاخی نہیں کرسکتے کیونکہ وہ خود آل نبی میں سے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے آل نبی کی گستاخی نہیں کی کیونکہ ان کا تعلق بھی اسی آل میں سے ہے اور کوئی بھی مسلمان یہ گستاخی نہیں کرسکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبریں درست نہیں ہیں میں نے گجرات میں ہونے والے جلسے میں جو بازاری زبان شیخ رشید نے استعمال کی تھی اس کی مذمت کی تھی عمران خان کے بارے میں میں نے کچھ نہیں کہا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں وہ استعفیٰ نہیں دینگے جبکہ دوسری جانب عمران خان بھی اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں وہ استعفی لئے بغیر نہیں جائینگے اس طرح معاملات آگے بڑھنے والے نہیں تاہم ملک کے اندر مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دھرنا اب جلسے میں بدل چکا ہے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنا ختم کرکے حقیقت پسندی کا ثبوت دیا ہے انہیں پتہ چل گیا ہے کہ دھرنوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ پارلیمنٹ کے ذریعے مسائل حل ہوتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم حکومت سے الگ نہیں رہ سکتی کیونکہ سابقہ ادوار میں ایم کیو ایم تسلسل سے حکومتوں کے ساتھ آرہی ہے 1985ء ،1988ء اور 1990ء سے لیکر میر ظفر اللہ جمالی ، چوہدری شجاعت ، شوکت عزیز اور پھر پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی حکومت میں رہی اب اگر سندھ حکومت میں نہیں تو مرکزی حکومت میں شامل ہوجائے گی ۔