امریکی نمائندہ خصوصی کی آرمی چیف ، وزیر داخلہ سے ملاقاتیں ،خطے کی مجموعی جبکہ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال،امریکا تعلقات میں بہتری کیلئے ڈرون حملے مستقل طور پر بند کرے، چوہدری نثار

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی ڈینئل فیلڈمین نے ملاقات کی ہے، پاک فوج کے شبعہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ھیڈ کوارٹر میں ہونے والی اس ملاقات میں خطے کی مجموعی جبکہ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، ڈینئل فیلڈمین کا پاکستان اور افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی بننے کے بعد یہ جی ایچ کیو کا یہ پہلا دورہ تھا ۔

ادھروزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بہتر تعلقات قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ پاکستانی حدود میں ڈرون حملے مستقل طور پر بند کئے جائیں۔چوہدری نثارعلی سے پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکا کے نمائندہ خصوصی ڈینئل فیلڈمین نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں مشکل عنصر ڈرون حملے ہیں اورجب یہ کچھ عرصے کے لئے رکے تو اس دوران دو طرفہ تعلقات بہتر ہوئے لیکن بہتر تعلقات قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ امریکا پاکستانی حدود میں ڈرون حملے مستقل طور پر بند کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سب سے اہم ہے کہ امریکا پاکستان کے نقطہ نظر کو سمجھتا ہے اور اختلافات دور کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔اس موقع پرامریکی نمائندہ خصوصی ڈینئل فیلڈمین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری اداروں کی حمایت کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر بنانے کے لئے عوامی رابطے کو فروغ دیا جائے گا جب کہ امریکا پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون بھی جاری رکھے گا۔