بھارت مسئلہ کشمیر حل کرکے اپنے بڑوں کی آتما کو شانتی دے،پرویزرشید،مسئلہ کشمیر کے حل پر پوری قوم متفق ہے اس لئے لندن میں بھی صرف کشمیریوں کا جھنڈا نظر آیا،وزیراطلاعات کا تقریب سے خطاب

منگل 28 اکتوبر 2014 08:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل پر پوری قوم متفق ہے اور اب بھارت کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے بزرگوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کرکے ان کی آتما کو سکون نصیب ہو سکے۔ پیر کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں متنازعہ ہے اور اب اسے جلد حل ہونا چاہئے۔

کشمیری عوام کے جھنڈے اور زبان و ثقافت علیحدہ ہوسکتی ہے لیکن ہمارا عہد ایک ہی ہے۔ پرویز رشید نے لندن میں ہونے والے ملین مارچ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملین مارچ میں تمام لوگوں کے پاس ایک ہی کشمیری جھنڈا تھا لیکن پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے کے سامنے ہم پارٹی جھنڈے کو بھی سرنگوں کردیتے ہیں اس میں کوئی اختلاف نہیں بلکہ سب کا اتفاق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے اقوام متحدہ کی قرارداد کو مانا تھا اور اقوام عالم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنا عہد پورا کریں گے‘ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد کرآئیں گے اور کشمیریوں کو ان کا حق دیں گے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ استصواب رائے سے کریں۔ پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان نہرو کی بات کو اسلئے اہمیت دیتا ہے کیونکہ انہوں نے آزادی کیلئے بہت جدوجہد کی تھی اسلئے پاکستان نے نہرو کی بات کو تسلیم کیا تھا اور اب بھارت سے پاکستان کوئی نیا مطالبہ نہیں کررہا اور نہ ہی کوئی تنازعہ پیدا کررہا ہے بلکہ پاکستان ہندوستان سے ان کے آباؤ اجداد کے کئے ہوئے وعدے کی تکمیل چاہتا ہے۔

اب ہندوستان کو بھی چاہئے کہ وہ فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آباؤ اجداد کا نام روشن کرے تاکہ پنڈت کی آتما کو سکون نصیب ہوسکے۔