سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے استعفے منظور کر نے کا فیصلہ کر لیا ،مستعفی ہونے والے ممبران کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کرائے جائینگے، طاہر القادری نے قومی اسمبلی میں خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا

پیر 27 اکتوبر 2014 08:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہٹ دھرمی اور قومی اسمبلی سے استعفے واپس نہ لینے کے ضد پر قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے حکومتی شخصیتوں سے رابطہ کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ان کے استعفے منظور کرلئے جائیں اور مستعفی ہونے والے ممبران کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کرائے جائیں ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو معلوم ہوا ہے کہ سپیکر نے پی ٹی آئی کے ارکان کو 29اکتوبر کیلئے حتمی نوٹس پیش ہونے کیلئے جاری کردیا ہے جبکہ عمران خان نے اپنے ممبران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اکٹھے ہوکر پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوں اور اپنے استعفوں کی تصدیق کریں ۔ چنانچہ اس فیصلے کے بعد 29اکتوبر کو شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں مستعفی ہونے والے ممبران قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کے چیبمر میں پیش ہونگے جہاں وہ اپنے استعفوں کی تصدیق کے ساتھ ساتھ اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرینگے ۔