الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرنے کیلئے باقاعدہ طور پر کام شروع کردیا، مالاکنڈ ڈویژن ، ہزارہ ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں انتخابات آخری مرحلے میں ہو نگے ‘ بلدیاتی انتخابات آئندہ سال مارچ کے آخری ہفتے سے شروع ہوجائینگے ، ذرائع

پیر 27 اکتوبر 2014 08:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اکتوبر۔2014ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرنے کے لئے باقاعدہ طور پر کام شروع کردیا ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن ، ہزارہ ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں انتخابات آخری مرحلے میں ہو نگے ۔ بلدیاتی انتخابات آئندہ سال مارچ کے آخری ہفتے سے شروع ہو جائینگے ۔

صوبائی حکومت کے نامزد کئے گئے حلقہ بندیوں کی بنیاد پر الیکشن کمیشن آف پاکستان بلدیاتی انتخاب کرینگے ۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کی جانب سے تین ہزار سے زائد حلقہ بندیاں کی گئی ہیں۔ حلقہ بندیوں کا تفصیلی جائزہ نہیں لیا جائے گا ۔ البتہ غیر اعلانیہ طور پر جمع ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں کرنے کے لئے دس کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی جائیگی ۔

جس کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پرنٹنگ کارپوریشن سے رابطہ کیا ہے ۔ انمٹ سیاہی کی تیاری میں بھی پندرہ دن لگ سکتے ہیں ۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں کئے جائینگے پہلے مرحلے میں شہری علاقوں میں ، دوسرے مرحلے میں دیہاتی علاقوں اور تیسرے مرحلے میں پہاڑی علاقوں میں کئے جائینگے ۔