سراج الحق کاعمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ ، استعفے واپس لینے کامطالبہ،سیاسی جرگے کا اجلاس (آج )ہوگا،تحریک انصاف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ،آج ملاقات بھی ہو گی‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

پیر 27 اکتوبر 2014 08:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اکتوبر۔2014ء)امیر جماعت اسلامی ،سیاسی جرگے کے سربراہ سراج الحق نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے اسمبلیوں سے استعفے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے،صورتحال پر غور کیلئے سیاسی جرگے کا اجلاس بھی آج ( پیر ) کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ۔ذرائع کے مطابق سراج الحق نے عمران خان کو ٹیلی فون کیا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال خصوصاًاستعفوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ پارلیمنٹ سے باہر نہ بیٹھیں اور استعفے واپس لیں جبکہ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔عمران خان سے بات چیت کے بعد سراج الحق نے صورتحال پرغور کے لیے آج پیر کو اسلام آباد میں سیاسی جرگے کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں استعفوں کے معاملے پر فریقین کیساتھ رابطے کرنے اور معاملات کو بہتر بنانے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل و سیاسی جرگے کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور آج تحریک انصاف کے وفد کے ساتھ ملاقات بھی ہوگی۔