سندھ کے عوام کی اکثریت نے یوم سیاہ مناکرنئے انتظامی یونٹس یانئے صوبوں کے قیام کے حق میں فیصلہ دے دیا، الطاف حسین

پیر 27 اکتوبر 2014 08:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی مووومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ سندھ کے عوام کی اکثریت نے بھرپوراندازمیں یوم سیاہ مناکرنئے انتظامی یونٹس یانئے صوبوں کے قیام کے حق میں فیصلہ دے دیاہے جس پر میں عوام کوزبردست خراج تحسین،مبارکباد اورسلام تحسین پیش کرتاہوں۔حیدرآبادمیں ایم کیوایم کے زونل آفس پر زونل کمیٹی کے ارکان ادر دیگرذمہ داروں سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے متعصب جاگیرداروں اوروڈیروں نے اردوبولنے والے سندھیوں یعنی مہاجروں کوکبھی سندھی تسلیم نہیں کیا اوراس نے اس تعصب اورنفرت کی بنیاد 1973 میں ر کھی،پیپلزپارٹی اپنے آپ کوقومی جماعت کہلانے کے دعوے کرتی ہے لیکن تاریخ شاہد ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہردورمیں پاکستان نہیں بلکہ سندھ کارڈاستعمال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج نہ صرف کراچی بلکہ حیدرآباد،سکھر، میرپورخاص، نوابشاہ ،سانگھڑ، ٹنڈوآدم ، ٹنڈوالہ یار، خیرپور، جیکب آباد، لاڑکانہ ،کشمورسمیت سندھ بھرکے تمام سندھی بولنے والے سندھیوں اوراردوبولنے والے سندھیوں یعنی مہاجروں نے ایم کیوایم کی اپیل پر پیپلزپارٹی کے ظلم کی حکمرانی اور نفرت و تعصب کے خلاف بھرپوریوم سیاہ مناکرفیصلہ سنادیاہے کہ اب سندھ اورپورے ملک میں نئے انتظامی یونٹس اورصوبوں کے قیام کی ضرورت ہے۔

الطاف حسین نے کہاکہ بھرپوراورپرامن یوم سیاہ منانے پر میں کراچی سمیت سندھ بھرکے عوام نوجوانوں، ماں، بہنوں، بزرگوں اوربچوں کوخراج تحسین اورشاباش پیش کرتاہوں، اب سندھی بولنے والوں اوراردوبولنے والوں یعنی مہاجروں کایہ متفقہ فیصلہ ہے کہ وہ مل کرصوبہ سندھ سے ظلم کافرسودہ ، جاگیردارانہ اور وڈیرانہ نظام اورکرپٹ کلچر کاخاتمہ کریں گے، انہوں نے یوم سیاہ میں کاروباراورٹرانسپورٹ ، پیٹرول پمپ اوردیگرکاروباری سرگرمیاں بندرکھنے اوریوم سیاہ کوکامیاب بنانے پر تمام ٹرانسپورٹرز، تاجربرادری اورتمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کابھی شکریہ اداکیا۔

قائد ایم کیوایم الطاف حسین نے یوم سیاہ کے موقع پر پرامن احتجاج میں حصہ لینے اورپرامن احتجاجی مظاہرے کرنے پر سندھ کے ساتھ ساتھ پنجاب ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اورآزادکشمیر کے کارکنوں اورہمدردوں کوبھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔