کراچی ،رزاق آباد میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، 9 دہشت گرد ہلاک ، کالعدم تحریک طالبان سندھ کا امیر فرار

پیر 27 اکتوبر 2014 07:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اکتوبر۔2014ء) کراچی کے علاقے رزاق آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 9 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بارود سے بھرا رکشا اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے رزاق آباد میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جوابی کارروائی کے دوران پولیس نے موقع پر موجود 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد شہر میں محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، بارود سے بھرا رکشا، اسلحہ اور دیگر ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان شہر میں متعدد تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کافی عرصے سے کراچی پولیس کو مطلوب تھے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جو محرم الحرام میں بارود سے بھرے ہوئے رکشے کے ذریعے دہشتگردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان سندھ کا امیر اور بارودی رکشا بنانے کا ماہر ارشد اللہ فرار ہو گیا۔