وزیر اعظم نوازشریف سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ملاقات ،ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال،محرم الحرام میں امن و امان کیلئے حفاظتی اقدامات ،ترقیاتی منصوبوں ، سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی اورکابینہ میں توسیع کے معاملات زیر بحث آئے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے مینڈیٹ پر پورا اترنے کیلئے دن رات کوشاں ہے ،حکومت مفاہمانہ پالیسی پر کاربند ہے ‘ نواز شریف

پیر 27 اکتوبر 2014 07:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اکتوبر۔2014ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف سے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے اٹھائے گئے پیشگی اقدامات ،پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی کے دوسرے مرحلے ،وفاقی او ر صوبائی کابینہ میں توسیع اورردو بدل سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

گزشتہ روز جاتی امراء رائے ونڈ میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیرعظم نواز شریف کو محرم الحرام میں پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ پاک فوج اوررینجرز کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینا ت ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ محرم الحرام میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرا م سے مسلسل رابطے رکھے جائیں اور پر امن فضاء کو یقینی بنانے کیلئے انکی مدد حاصل کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے وزیر اعظم کو صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی خصوصاً توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے دوسری قسط کی ادائیگی کیلئے منصوبہ بندی اور اسے عملی شکل دینے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کی سر گرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے وفاقی اورپنجاب کابینہ میں ردو بدل اور توسیع کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے مینڈیٹ پر پورا اترنے کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔

عوام سے کئے گئے وعدوں کو تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی گاڑی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے اور اسکے لئے حکومت مفاہمانہ پالیسی پر کاربند ہے اور آئندہ بھی اس پر کاربند رہے گی ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت عوام کو زندگی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔