شہر شہر جلسوں کا اعلان کر چکا ہوں ،بیرون ملک جانے کی خبریں جھوٹ اور ڈس انفارمیشن ہیں ،طاہر القادری، دھرنے کے مثبت نتائج سامنے آئے ،عوام ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہیں، پاکستان عوامی تحریک کو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بنائیں گے ، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ایک ہی موقف ہے خون کا بدلہ خون اور دیت نہیں قصاص،میڈیا سے بات چیت

اتوار 26 اکتوبر 2014 09:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اکتوبر۔2014ء )پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹرطاہر القادری نے ایبٹ آباد کے جلسہ اور ہری پور کے دھرنے کے بعد واپس لاہور پہنچنے پر الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئیندہ دو ماہ شہر شہر جلسوں اور دھرنوں کے شیڈول کا اعلان کر چکا ہوں ۔بیرون ملک جانے کی خبریں جھوٹ اور ڈس انفارمیشن ہیں ۔

انہوں نے حکومت سے ڈل کی خبروں کو بھی سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ایک ہی موقف ہے خون کا بدلہ خون اور دیت نہیں قصاص ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے اب کسی سطح پر کوئی مذکرات نہیں ہورہے اس ضمن میں مکمل ڈیڈ لاک ہے ۔حکومت ہمارے مطالبہ پر JITکی تشکیل پر آمادہ نہیں اور ہمیں حکومتی JITمنظور نہیں ۔بالاخر حکومت کو ہمارے اصولی موقف کے آگے جھکنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ دھرنا ختم کرنے کا تاثر گمراہ کن ہے اسکا دائرہ حکمت عملی کے تحت ملک بھر میں پھیلا دیا ۔پی ٹی آئی سے کوئی اختلاف نہیں ہم آزادانہ فیصلے کر رہے ہیں ۔آئیندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے راتوں رات فیصلہ نہیں ہوا بلکہ اس حوالے سے عید الضحیٰ سے قبل اتحادیوں سے مشاورت جاری تھی ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان عوامی تحریک کو سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا اعلان کر چکا ہوں اب اسے ہر ملک میں ری آرگنائز کیا جائے گا ۔

ری آرگنائزیشن کیلئے ہر ملک میں جاؤں گا مگر میرا جانا واپس آنے کیلئے ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بنائیں گے اسے گراس روٹ پر عوام کی منظم اور متحرک سیاسی قوت بنائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اپنے اس مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ قومی حکومت تشکیل دی جائے ،احتساب اور اصلاحات کے بعد عام انتخابات کروائے جائیں،2013 ء کے انتخابات کی کوئی قانونی ،سیاسی،اخلاقی حیثیت نہیں رہی ۔

الیکشن کمیشن بھی اپنی ساکھ کھو چکا ہے ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا بدلہ لینے اور اپنے تمام مطالبات منوانے کیلئے دباؤ برقرار رکھیں گے اور اپنی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دھرنے کے مثبت نتائج سامنے آئے ۔عوام میں بیداری کی لہر ہے اور وہ ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہیں۔جہاں جاتا ہوں ہزاروں ،لاکھوں کی تعداد عوام استقبال کیلئے موجود ہوتے ہیں ۔

فیصل آباد،لاہور کے بعد ایبٹ آباد کے عظیم الشان انقلاب جلسے اسکا ثبوت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان میری قیام گاہ ہے ۔محرم الحرام کے بعد 23نومبر کو بھکر 5دسمبر کو سرگودھا،14دسمبر کو مانسہرہ اور 25دسمبر کو کراچی میں تاریخ ساز انقلاب جلسے منعقد ہوں گے ۔ہر ضلع میں ایک دن جلسہ اور ایک دن دھرنا ہو گا ۔میرے اس سیاسی شیڈول کے بعد باہر جانے کی خبروں پر دیھان نہیں دینا چاہیے۔

قبل ازیں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹرطاہر القادری نے اعلان کیا ہے کہ امریکا،یورپ،ساؤتھ افریقہ اور آسٹریلیا میں پاکستان عوامی تحریک کی تنظیموں کوفعال بنایا جائے گا ۔پاکستان عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جسکا پوری دنیا میں مضبوط تنظیمی ڈھانچہ موجود ہے جسے فعال بنایا جائے گا ۔گذشتہ روز انہوں نے ہری پور کے کامیاب دھرنے کے بعد حسن ابدال پہنچنے پر اپنے شاندار عوامی استقبال پر حسن ابدال کی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ہر شہر کے عوام کی طرح حسن ابدال کے عوام کی آنکھوں میں بھی انقلاب کی روشنی دیکھ رہا ہوں ۔

بہت جلد حسن ابدال میں انقلاب جلسے کی تاریخ دوں گا اور یہاں پر تاریخی جلسہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ظالم اور فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے خیبر تا کراچی عوام متحد ہو چکے ہیں ۔اس بیداری کا کریڈٹ اسلام آباد کے تاریخی دھرنے کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام عوامی تحریک کا ساتھ دیں اسکی ممبر شپ لیں اور انقلاب قافلے میں شامل ہو جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پڑھے لکھے عوام کو VIPکلچر سے پاک سیاسی جماعت کا تحفہ دوں گا کہ جس کے پلیٹ فارم پر ہر پڑھا لکھا شہری باوقار طریقے سے اپنا قومی سیاسی کردار ادا کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ اب کارکنوں کے ساتھ قیادت کی طرف سے بھی قربانیاں دینے کی روایت رکھ دی ہے اب کوئی لیڈرشیشے کے محل میں بیٹھ کر اشاروں پر اقتدار کا کھیل نہیں کھیل سکے گا اور اپنے کارکنوں کو اپنی خواہشات کا یندھن نہیں بنا سکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ 70دن سے اپنے عوام اور کارکنوں کے ساتھ ہوں اور ساتھ رہوں گا۔گجرات کے جلسہ میں تاریخی کلمات پر عمران خان کا شکر گزار ہوں ۔انشا اللہ تعالیٰ ملک کو کو بحرانوں سے نکالنے اور عوام کو اقتدار میں حصے دار بنانے کے حوالے سے آئینی و قانونی جدوجہد کامیاب ہو گی ۔ڈاکٹر طاہر القادری کا قافلہ جب ہری پور سے حسن ابدال پہنچا تو ہزاروں عوام سڑک کے اطراف جمع ہو گئے اور انہوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور انقلاب کے حق میں فلک شگاف نعرے لگا کر ڈاکٹر طاہر القادری اور عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں کا استقبال کیا ۔اس موقع پر مرکزی صدر رحیق احمد عباسی ، عین الحق ، عبد الحفیظ چوہدری ،امیر اعوان ،غلام ربانی تیموربھی موجودتھے۔