مولانا فضل الرحمن پر خودکش حملہ، رہنماوٴں کا جمعیت علمائے اسلام کے قائد کو ٹیلیفون، واقعہ کی شدید مذمت

جمعہ 24 اکتوبر 2014 07:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن پر خود کش حملے کے بعد فوری جے یو آئی کے قائد سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی وزیر اعلیٰ نے خود کش حملے میں مولانااور ان کے رفقائے کار کے محفوظ رہنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور قوم ایک بڑے سانحے سے محفوظ رہے اور دہشت گرد اپنے مذمو م مقاصد کے حصول میں ناکام ہو گئے وزیراعلیٰ نے مولاناا فضل الرحمن کی صحت اور درازی عمر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جبکہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے نامور سیاسی رہنما کو نشانہ بنانا نہ صرف صوبے بلکہ ملک اور جمہوری نظام کے خلاف گہری سازش ہے، انھوں نے کہا کہ بعض قوتیں ملک میں انارکی اور خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہیں اور مولانا فضل الرحمن پر حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے دھماک میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی تمام تر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر کوئٹہ میں خودکش حملہ پر اظہار تشویش کیا ہے۔

دونوں قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں اس اقدام پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم کا شکر ہے کہ مولانا اس دھماکہ میں بالکل محفوظ رہے۔ انہوں نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے دیگر واقعات پر بھی تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے جن میں ایف سی کے قافلے اور ہزارہ برادری کے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے مولانا فضل الرحمن کو فون کر کے کوئٹہ میں ان کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت اور مولانا فضل الرحمن سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ آپ اس حادثہ میں محفوظ رہے ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے اس واقعہ کے بارے میں چیف سیکرٹری بلوچستان سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ذمہ داران کا پتہ چلا کر انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کوئٹہ میں جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہے - انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کی گاڑی کے قریب حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے-الله تعالیٰ کا شکرہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن حملے میں محفوظ رہے-وزیراعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے-وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی ہے-

وزیراعلی محمدشہبازشریف نے مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون بھی کیا اور ان سے ان کی خیریت دریافت کی -چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری و قائمقام چیئرمین سینیٹ صابر علی بلوچ نے جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ۔

انہوں نے اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گے ۔چیئرمین سینیٹ و قائمقام چیئرمین سینیٹ نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں دعا کی کہ اللہ تبارک تعالیٰ اس دھماکے کی وجہ سے شہید ہونے والے افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور اُن کے لواحقین کو یہ صدمہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے ۔

انہوں نے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ۔ایوان بالاء میں قائدایوان سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق اور قائد حزب اختلا ف سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے بھی مولانا فضل الرحمن پر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ۔خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کوئٹہ میں جے یو آئی (ف) کے جلسے پر خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں میں اس طرح کی دہشت گردی کی جسارت ملک و قوم دشمن عناصر ہی کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) اور اسکے سربراہ سے ہمارے سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر ہم اہل سیاست اور اہل وطن پر معمولی آنچ آنے کے بھی روادار نہیں خدا کا شکر ہے کہ مولانا فضل الرحمن اس المناک سانحے میں بال بال بچ گئے پرویز خٹک نے خودکش دھماکے میں شہید افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔