وزیر اعظم نواز شریف سے نیپالی وزیر خارجہ کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر گفتگو،سارک ممالک کے مابین تنازعات کے حل کیلئے کوششیں کی جانی چاہئیں،اس سلسلہ میں نیپال اہم کردار ادا کر سکتا ہے ،نواز شریف ،نیپالی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم کو سارک سربراہ میں شرکت کی دعوت ،نیپالی وزیر اعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا

جمعہ 24 اکتوبر 2014 07:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء)پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے نیپالی وزیر خارجہ مہندرا بہادر پانڈ ے نے وزیر اعظم نواز شریف نے ملاقات کی ۔جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اقتصادی اور ثقافتی تعلقات قائم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت ہمارے سیاسی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے مابین جوائنٹ اقتصادی کمیشن جیسے مکینزم کو مزید فروغ دیا جائے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ نیپال کے ساتھ مل کر سارک کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے جبکہ سارک ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لئے بھی کوششیں کی جانی چاہئیں کیونکہ سارک کی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے اور اس سلسلہ میں نیپال اپنا اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیپالی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم پاکستان کو 18 نومبر کو کھٹمنڈو میں ہونے والے سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی ۔انہوں نے نیپالی وزیر اعظم کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ان کے جذبات کو سراہتے ہوئے سارک سمٹ کی کامیابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ملاقات کے موقع پاکستان میں تعینات نیپالی سفیر بھارت راج پوڈیال اور وزیر اعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :