پاکستان صنعتی انقلاب کے دہانے پر کھڑا ہے، قوم ترقیاتی کاموں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والی ہر قوت کا راستہ روک دے،ممنون حسین، قوم بازی گروں اور دھوکے بازوں کو پہچانے،گزشتہ کئی دہائیوں کی بدامنی اور خطے میں ہونے والی خونریزجنگوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ۔ ایسے مشکل حالات میں چین، سعودی عرب اور ترکی کی صورت میں مخلص دوست ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں،عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے 22 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے بھی لگا رہے ہیں۔ ایٹمی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے ایک منصوبے پر کام شروع ہوگیا ہے، دو منصوبوں پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔ ان منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کا خاتمہ ہو گا۔ پاکستان عالمی تجارت کا مرکز بن جائے گا اورمعیشت میں استحکام پیدا ہوگا،صد ر کاصادق پبلک ا سکول بہاولپور کی تقریب سے خطاب

جمعہ 24 اکتوبر 2014 05:01

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اکتوبر۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان صنعتی انقلاب کے دہانے پر کھڑا ہے، قوم ترقیاتی کاموں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والی ہر قوت کا راستہ روک دے۔ قوم بازی گروں اور دھوکے بازوں کو پہچانے ان خیالات کااظہارصدر ممنون حسین نے صادق پبلک ا سکول بہاولپور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں کی بدامنی اور خطے میں ہونے والی خونریزجنگوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

ایسے مشکل حالات میں چین، سعودی عرب اور ترکی کی صورت میں مخلص دوست ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ سنکیانگ سے گوادر تک سڑک اور ریلوے لائن کی صورت میں ہم جس اقتصادی راہداری کا خواب دیکھ رہے ہیں ،یہ ایسے ہی مخلص دوستوں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

اکنامک کوریڈور مکمل ہونے کے بعد پاکستان خطہ کا سب سے اہم ملک بن جائے گا۔ صدر ممنون حسین نے کہا عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے 22 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے بھی لگا رہے ہیں۔

ایٹمی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے ایک منصوبے پر کام شروع ہوگیا ہے جبکہ دو منصوبوں پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔ ان منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کا خاتمہ ہو گا۔ پاکستان عالمی تجارت کا مرکز بن جائے گا اورمعیشت میں استحکام پیدا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کی دنیا میں صرف وہی قومیں سیاسی طاقت حاصل کر سکتی ہیں جن کی معیشت مضبوط ہوتی ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان صنعتی انقلاب کے دہانے پر کھڑا ہے۔ قوم ترقیاتی کاموں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والی ہر قوت کا راستہ روک دے، انھوں نے کہا کہ قوم منفی قوتوں کا راستہ روکے اور سچے قائدین کا احترام کرے، قوم بازی گروں اور دھوکے بازوں کو بھی پہچانے، صدر ممنون حسین نے کہا کہ قومی مسائل کی ایک جڑ بدعنوانی بھی ہے، اب یہ مرض ایک کلچر کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

اس موذی مرض سے نجات کے لئے نوجوانوکو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو جن میں طالبات بھی شامل ہیں اپنے پسندیدہ شعبوں میں تعلیم کے حصول کے لئے دنیا کے آخری کونے تک بھی جانا پڑے تو جائیں اور اس سلسلے میں کسی تنقید اور کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہ لائیں لیکن ایک بات کا خیال ہمیشہ رکھیں کہ وہ اپنے تعلیمی سفر کے دوران مغرب کی چمک دمک سے کبھی متاثر نہ ہوں بلکہ ان کے طرز عمل کو دیکھ کرہی لوگ انھیں پہچان لیں کہ یہ پاکستانی بچہ اور بچی ہے اور مسلمان ہے جس نے اپنی قابل فخر روایات اور ثقافت سے ناطہ نہیں توڑا۔

صدر مملکت نے کہا کہ صادق پبلک ا سکول جیسے تعلیمی ادارے اپنی پرشکوہ اور شاندار تاریخ کی وجہ سے دیگر اداروں کے مقابلے میں ممتاز حیثیت کے حامل ہوتے ہیں لیکن کیا ہی اچھا ہواگرایسے اداروں میں ایسے نوجوانو کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع بھی حاصل ہوجائیں جو باصلاحیت تو ہوتے ہیں لیکن ناکافی وسائل کی وجہ سے معمولی درجے کی تعلیم بھی حاصل کرنے میں بھی ناکام رہتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کا یہ قابل فخر ادارہ فروغ تعلیم کے ان حقیقی مقاصد کو بھی یقینا پیش نظر رکھتا ہوگا۔