اسلامی نظریاتی کونسل نے دوسری شادی پر بیوی کے خلع لینے اور فسخ نکاح کیلئے شوہر کو7 سال قید کی سزا کو غیر شرعی قرار دے دیا

بدھ 22 اکتوبر 2014 08:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اکتوبر۔2014ء)اسلامی نظریاتی کونسل نے دوسری شادی پر بیوی کے خلع لینے اور فسخ نکاح کیلئے شوہر کو7 سال قید کی سزا کو غیر شرعی قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

منگل کے روز اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چےئرمین مولانا محمد خان شیرانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا،اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ اجلاس میں قانون انفساخ مسلم ازدواج1939ء زیر غور آیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دوسری شادی کو تنسیخ نکاح کے دعوے کی بنیاد بنانا خلاف شریعت ہے،اس کو تنسیخ نکاح کے دعوے کی بنیاد نہ بنایا جائے اور قانون سے خارج کیا جائے،انہوں نے کہا کہ 7سال قید کو فسخ نکاح کی شرط نہ بنایا جائے،خاوند اگر ازدواجی زندگی نہ نبھا سکے تو بیوی کو فسخ نکاح کا حق حاصل ہے،اگر شوہر کو لاعلاج بیماری لاحق ہوجائے تو بھی فسخ نکاح کیا جاسکتا ہے،فسخ نکاح پر سزا دینا درست نہیں ہے۔