جولائی 2015ء سے قبل پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات ناممکن، الیکشن کمیشن، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 3 حلقوں میں 29 نومبر کو ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ، اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پرمزید 31 ارکان کی رکنیت بحال

بدھ 22 اکتوبر 2014 08:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اکتوبر۔2014ء) الیکشن کمیشن آف پاکستا ن نے جولائی 2015ء سے پہلے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات ناممکن قرار دے دیئے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 3 حلقوں میں 29 نومبر کو ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا، اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پرمزید 31 ارکان کی رکنیت بحال کردی گئی۔

(جاری ہے)

پنجاب اور سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے 30 اکتوبر تک قانون سازی مکمل کریں گے، ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کیلئے 6 ماہ درکار ہیں، پنجاب کا شیڈول 3 ماہ جبکہ سندھ کا 2 ماہ پر مشتمل ہوگا، پنجاب میں 31 کروڑ جبکہ سندھ میں 11 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنا ہوں گے، صوبوں میں جولائی 2015ء سے قبل بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں۔

حلقہ این اے 153، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 22 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 48 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا، پولنگ 29 نومبر کو ہوگی، تینوں حلقوں میں دھاندلی ثابت ہونے پر الیکشن ٹریبونلز نے انتخابات کالعدم قرار دیئے تھے۔اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پر مزید 31 ارکان کی رکنیت بحال کردی گئی جبکہ 78 ارکان کی رکنیت تاحال معطل ہے۔