نواز شریف مستعفی نہیں ہوں گے ،عمران خان کو استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹنا پڑے گا، اعتزاز احسن ،مڈٹرم انتخابات ہوں گے نہ دور دور تک مارشل لاء کے امکانات ہیں، ایم کیو ایم اچھی مہمان ہے کبھی آتی ہے اور کبھی چلی جاتی ہے ،وہ سندھ حکومت کے بغیر نہیں رہ سکتی،میڈیا سے گفتگو

منگل 21 اکتوبر 2014 04:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اکتوبر۔2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مڈٹرم انتخابات ہوں گے نہ دور دور تک مارشل لاء کے امکانات ہیں۔ نواز شریف مستعفی نہیں ہوں گے عمران خان کو اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹنا پڑئے گا۔ ،ایم کیو ایم اچھی مہمان ہے کبھی آتی ہے اور کبھی چلی جاتی ہے۔ ایم کیو ایم سندھ حکومت کے بغیر نہیں رہ سکتی۔

لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں مارشل لاء کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مڈٹرم انتخابات ہوں گے نہ دور دور تک مارشل لاء کے امکانات ہیں۔ مینار پاکستان پر جلسے کے بعد طاہر القادری کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں چند ہزار لوگوں کو لاکھوں کا مجمع کہتے رہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ق خیموں کی جماعت ہے انکا اپنا کوئی ووٹر نہیں۔

طاہر القادری کہتے تھے کہ اگست کے آخر تک حکومت چلی جائے گی، شیخ رشید کہتے تھے کہ بڑی عید سے قبل قربانی ہو گی۔ شہباز شریف کہتے تھے کہ چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو گی مگر کام کسی کی خواہش پر نہیں ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نواز شریف کو نہیں بلکہ جمہوریت کو بچا رہی ہے عتزاز احسن کا کہنا تھا کہ عمران خان کو استعفے کے معاملے پر پیچھے ہٹنا پڑے گا، اسلام آباد کو دھرنے کی عادت ہوگئی ہے۔