کراچی میں سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے مرکز میں ڈکیتی،مسلح ملزمان 5 کلو گرام سونا اور کروڑوں روپے لوٹ کر فرار، پیپلز پارٹی کے جلسے کیلئے 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کے جاتے ہی جرائم پیشہ عناصر دوبارہ سرگرم ہوگئے،واقعے کی رپورٹ درج

پیر 20 اکتوبر 2014 08:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اکتوبر۔2014ء)کراچی اولڈ سٹی کے علاقے میٹھا در میں نامعلوم ملزمان سماجی کارکن عبدالستار ایدھی سمیت آٹھ دیگر افراد کو یرغمال بناکر 5 کلو گرام سونا اور کروڑوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح 8 نامعلوم افراد کراچی کے علاقے میٹھادر میں واقع ایدھی سینٹر میں داخل ہوئے اور عبدالستار ایدھی سمیت آٹھ دیگر افراد کو آدھ گھنٹے تک یرغمال بناکر الماریوں اور درازوں کے تالے توڑ ڈالے اور سوا 4 لاکھ ڈالرز سمیت 5 کروڑ سے زائد ملکی و غیر ملکی کرنسی، 5 کلو سونا اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے۔

عبدالستار ایدھی کا کہنا ہے کہ ڈاکو کروڑوں روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی کے عطیات اور ان کے پاس رکھوائی گئیں امانتیں بھی لوٹ کر لے گئے ہیں، غیر ملکی کرنسی میں لاکھوں امریکی ڈالرز بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکووٴں میں سے ایک شخص نے اپنا منہ ڈھانپا ہوا تھا اور وہ مسلسل کسی شخص سے موبائل فون پر بات کررہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 50 سال سے فلاحی کاموں میں مصروف ہیں اور آج تک اس قسم کا واقعہ رونما نہیں ہوا۔

واقعے کی رپورٹ میٹھادر تھانے میں درج کرلی گئی ہے اور پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم دفتر میں سی سی ٹی وی کیمرا نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکووٴں کے حلیے کے بارے میں عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی اسی سینٹر میں رہائش پزیر ہیں اور شدیدعلیل ہونے کے باوجود وہ فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کراچی میں ایک روز قبل پیپلز پارٹی کے جلسے کیلئے 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے تاہم ان اہلکاروں کے جاتے ہی جرائم پیشہ عناصر دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیں۔