2013ء میں ہونے والے انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعتراف کے بعد حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا کسی طرح بھی آئین ‘ قانون اور اخلاقی طور درست نہیں،شاہ محمود قریشی ،نواز شریف ڈیڑھ کروڑ ووٹ لینے کا دعویٰ کررہے ہیں وہ ایک لاکھ عوامی افراد کا بغیر سرکاری ملازمین کے جلسہ کرکے دکھا دیں تو ہم مان جائینگے کہ انہوں نے ڈیڑھ کروڑ ووٹ لئے ہیں اور عوام ان کے ساتھ ہیں، اگر ڈیڑھ کروڑ عوام کا ووٹ انہوں نے لیا ہوتا تو آج ہر جگہ ”گو نواز گو“ کے نعرے نہ لگتے ،تقریب کے دوران گفتگو

اتوار 19 اکتوبر 2014 09:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اکتوبر۔2014ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان کے مختلف 20 حلقوں میں دھاندلی کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ 2013ء میں ہونیوالے انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اس اعتراف کے بعد حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا کسی طرح بھی آئین ‘ قانون اور اخلاقی طور درست نہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سابق ضلعی ناظم انعام الحق پراچہ کی رہائشگاہ پر عشائیہ کی تقریب کے دوران ٹکٹ ہولڈر حسن انعام پراچہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ نواز شریف ڈیڑھ کروڑ ووٹ لینے کا دعویٰ کررہے ہیں وہ ایک لاکھ عوامی افراد کا بغیر سرکاری ملازمین کے جلسہ کرکے دکھا دیں تو ہم مان جائینگے کہ انہوں نے ڈیڑھ کروڑ ووٹ لئے ہیں اور عوام ان کے ساتھ ہیں اگر ڈیڑھ کروڑ عوام کا ووٹ انہوں نے لیا ہوتا تو آج ہر جگہ ”گو نواز گو“ کے نعرے نہ لگتے انہوں نے کہا کہ جمعہ کو گجرات میں ہونیوالا پی ٹی آئی کا جلسہ گجرات کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا جبکہ 21 نومبر کو لاڑکانہ میں ہونیوالا جلسہ پیپلز پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا شاہ محمود قریشی نے کہا کہ باری کی سیاست اور لوٹمار کرکے پاکستان کی دولت بیرون ملک منتقل کرنیوالے چہروں کو پاکستان کے عوام نے پہچان لیا ہے اب آنیوالا وقت تحریک انصاف کا ہے اور انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر میدان عمل میں ہوگی انہوں نے کہا کہ سرگودھا کے شاہینوں نے جلسہ میں بھاری تعداد میں شرکت کرکے ن لیگ کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے اور اب اخلاقی طور پر حکمرانوں کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔