جب تک وزیر اعظم اذان ،صدر امامت اور چیف جسٹس قرآن رکھ کر فیصلے نہیں کرتے میں اس نظام کا باغی ہوں ،سراج الحق ،ایسے منافقت والے نظام کو کبھی نہیں مانیں گے مٹھی بھر اشرافیہ ملک میں معاشی دہشت گردی کررہے ہیں جن کی گردن پر ہاتھ رکھنے کی ضرورت ہے،حکمرانوں کی بد اعمالیوں کی وجہ سے پاکستان میں زلزلے ،سیلاب اور معصیبتوں پر مصیبتیں نازل ہورہی ہیں ،رنگ بدلنے والے سیاسی پنڈتوں برہمنوں سیاسی دہشت گرد فنکارپارٹیاں جھنڈے اور نعرے بدلنے والے نظام کو بہتر نہیں بنا سکتے ،نظام کو بدلنے کے لیے اسلامی نظام کو نافذ کرنا ہوگا ،شریعت میں ہی روٹی ،کپڑا اورمکان سمیت تمام مسائل حل موجود ہے ،قیام پاکستان سے اقتدار میں انگریزوں کے غلام اور آج امریکہ کے غلام قابض ہیں ،اسی طبقے نے نظریہ پاکستان سے غداری کرکے ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے ، عوامی جلسہ عام سے خطاب

اتوار 19 اکتوبر 2014 09:08

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اکتوبر۔2014ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک وزیر اعظم اذان ،صدر امامت اور چیف جسٹس قرآن رکھ کر فیصلے نہیں کرتے میں اس نظام کا باغی ہوں ،ایسے منافقت والے نظام کو کبھی نہیں مانیں گے مٹھی بھر اشرافیہ ملک میں معاشی دہشت گردی کررہے ہیں جن کی گردن پر ہاتھ رکھنے کی ضرورت ہے،حکمرانوں کی بد اعمالیوں کی وجہ سے پاکستان میں زلزلے ،سیلاب اور معصیبتوں پر مصیبتیں نازل ہورہی ہیں ،رنگ بدلنے والے سیاسی پنڈتوں برہمنوں سیاسی دہشت گرد فنکارپارٹیاں جھنڈے اور نعرے بدلنے والے نظام کو بہتر نہیں بنا سکتے ،نظام کو بدلنے کے لیے اسلامی نظام کو نافذ کرنا ہوگا ،شریعت میں ہی روٹی ،کپڑا اورمکان سمیت تمام مسائل حل موجود ہے ،قیام پاکستان سے اقتدار میں انگریزوں کے غلام اور آج امریکہ کے غلام قابض ہیں ،اسی طبقے نے نظریہ پاکستان سے غداری کرکے ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے ڈی سی چوک پر عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،محمد حسین محنتی ،عبدالحفیظ بجارانی ،امداد اللہ بجارانی ،دیدار لاشاری ،صادق ملغانی ،اعجاز میمن ودیگر نے بھی خطاب کیا

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے مزید کہا کہ مٹھی بھر اشرافیہ سیاسی معاشی اور مسلح دہشت گرد بنے ہوئے ہیں ،باپ کے بعد بیٹا ،بیٹے کے بعد بیٹی ،چچا کے بعد بھتیجا ،ماموں کے بعد بھانجے کی باریاں لگی ہوئی ہیں ،جنہوں نے پاکستان کے 200بلین روپے بیرون ممالک بینکوں میں رکھے ہوئے ہیں،ان ہی حکمرانوں کی وجہ سے ملک دو لخت ہوا اور مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا ،90ہزار فوجیوں نے ہتھیار ڈالے اورآج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض بنا ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ بارڈر پر انڈیا کے حملے حکمرانوں کی بد اعمالیوں کا نتیجہ ہے ،غریبوں کے بچے اسکول کے بجائے ہوٹلوں پر برتن دھونے پر مجبور ہیں جبکہ امیر کے کتوں اور گھوڑوں پر کروڑوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں،لندن میں بیٹھ کر مگر مچھ کے آنسو بہانے والے سندھ کو تقسیم کرنے کی بات کرکے نفرتیں پھیلا رہے ہیں ،ہم محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں ،ہم سندھ اور پاکستان کو جوڑنے آئے ہیں ،21نومبر کو مینار پاکستان سے تحریک پاکستان شروع کررہے ہیں ،سراج الحق نے مزید کہا کہ جلد بلوچستان کے ان نوجوانوں جو پہاڑوں اور غاروں میں آزادی کی بات کررہے ہیں کے پاس جاکر ان کو مناؤں گا اور انہیں غاروں اور پہاڑو ں سے نکال کر ایوانوں میں لے کر آؤں گا ،اور جو کرپٹ لوگ ایوانوں میں بیٹھے ہوئے ہیں انہیں غاروں میں لے جائیں گے ،انہوں نے کہاکہ سندھ بلوچستان اور کے پی کے کی عوام آگ میں جل رہی ہے ،ان کے حقوق غصب کیے جارہے ہیں بلوچستا ن میں 44صحافی قتل ہوچکے ہیں،پاکستان میں موت اور خون سستا جبکہ روٹی اوردیگر ضروریات زندگی مہنگی ہوگئی ہیں ،ہم ایسی نام نہاد جمہوریت کو نہیں مانتے اسلامی نظام کے سوا ہر نظام باطل ہے ،قائداعظم نے پاکستان کو اسلامی سلطنت بنانے کا وعدہ کیا تھا ،لیکن ان کی وفات کے بعد وہ طبقہ اقتدار میں آیا جس نے پاکستان کے مقاصد کو سبو تاژ کیا ،نظریہ پاکستان کی 67سالوں میں ملک میں حکومت نہیں آئی ،اسلامی نظام ایک دن بھی نہیں دیکھا ،انگریزوں کا ساتھ دینے والوں نے ملت سے غداری کی ،اور انگریزوں سے جاگیریں لینے والوں سے حساب لیں گے ،وی آئی پی کلچر نے انسان کی عزت گنوائی ہے ،میں 21نومبر کو مینار پاکستان سے تحریک پاکستان شروع کررہا ہوں اس مقدس جہاد میں عوام میرا ساتھ دیں۔