مستقبل کا وزیر اعظم بھٹو ہو گا، بے نظیر بھٹو کا ایجنڈا بلاول بھٹو پورا کریں گے ،یوسف رضا گیلانی ،چند دنوں کے نوٹس پرتاریخی جلسہ ثابت کرتا ہے کہ پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہے ،عمران خان کو وزیر اعظم بننے کی تمنا ہے لیکن ہم بن چکے ہیں ،ایمپائر کی انگلی اٹھانے والے پارلیمنٹ کو مضبوط کریں ،پارلیمنٹ 18کروڑ عوام کا منتخب ادارہ ہے اگر اسے مضبوط کر لیا تو پھر کسی ادارے سے خطرہ نہیں ہو گا ، پیپلز پارٹی کی تمام ذیلی ونگز کو تحلیل کر دیا جائے اور نئی تنظیم سازی کی جائے،مزار قائد پر جلسہ عام سے خطاب

اتوار 19 اکتوبر 2014 09:05

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اکتوبر۔2014ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اورسابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مستقبل کا وزیر اعظم بھٹو ہو گا، بے نظیر بھٹو کا ایجنڈا بلاول بھٹو پورا کریں گے ،چند دنوں کے نوٹس پرتاریخی جلسہ ثابت کرتا ہے کہ پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہے ،عمران خان کو وزیر اعظم بننے کی تمنا ہے لیکن ہم بن چکے ہیں ،ایمپائر کی انگلی اٹھانے والے پارلیمنٹ کو مضبوط کریں ،پارلیمنٹ 18کروڑ عوام کا منتخب ادارہ ہے اگر اسے مضبوط کر لیا تو پھر کسی ادارے سے خطرہ نہیں ہو گا ، پیپلز پارٹی کی تمام ذیلی ونگز کو تحلیل کر دیا جائے اور نئی تنظیم سازی کی جائے ۔

وہ ہفتہ کو مزار قائد پر جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اورسابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کے تاریخی جلسہ نے ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور مستقبل پی پی اور بلاول بھٹو کا ہے ،انہوں نے کہا کہ آج سے7برس قبل بے نظیر بھٹو کو یہاں آکر پاکستان کے مستقبل کا ایجنڈا پیش کرنا تھا اس وقت بلاول بھٹو 18سال کے تھے آج بلاول بھٹو ہی بے نظیر بھٹو کے اس سفر کو پورا کریں گے اور ان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنے جمہوریت کے دور میں دو آمریت کا مقابلہ کیا ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں کئی بڑے کارنامے سرانجام دیئے ہیں 18ویں ترمیم ،این ایف سی ایوارڈ گلگت بلتستان میں سیلف گورننس اور دیگر کام نمایاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ بلاول بھٹو ہمارا لیڈر ہے جو جوان ہے اور ملک کی 65فیصد آبادی کی نمائندگی کرتا ہے وہ ہی انقلاب لا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج انقلاب کی بات کی جا رہی ہے انقلاب تو صرف ذوالفقار علی بھٹو لائیں تھے ان کے بعد اب بلاول بھٹو انقلاب لیکر آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک نئی تحریک کا آغاز ہو رہا ہے بلاول بھٹو نئی تنظیم سازی کریں اور پہلی تمام تنظیموں کو ختم کردیں آج کی ترجمانی کے مطابق نئی لیڈر شب کو آگے لیکر آئیں لیکن سینئر لیڈر شب کو کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کا وزیر اعظم بھٹو ہو گا، بلاول بھٹو نانا اور والدہ کے مشن کو مکمل کریں گے ، پاکستان اور اس کے آئین کو مضبوط کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم دوسرے اداروں پر تنقید کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے حالانکہ پارلیمنٹ 18کروڑ عوام کا ادارہ ہے اگر اسے مضبوط کر لیا تو پھر کسی ادارے سے خطرہ نہیں ہو گا ۔