خیبر ایجنسی‘ آپریشن خیبر ون ، فورسز کی کارروائی میں مزید 6 شدت پسند ہلاک، تین دنوں کی کارروائی میں اب تک 37شدت پسند ہلاک ‘20 سے زائد زحمی اور 3 ٹھکانے بھی تباہ ہوئے،عسکری ذرائع،آپریشن سے 500خاندانوں کی محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی

اتوار 19 اکتوبر 2014 09:05

خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اکتوبر۔2014ء )خیبر ایجنسی کے علاقوں ملک دین خیل، اکا خیل اور سپاہ میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں چھ شدت پسند مارے گئے۔ آپریشن خیبر ون کے تین دنوں کی کارروائی میں اب تک 37شدت پسند ہلاک اور 20سے زائد زحمی اور 3ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔

خیبر ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن خیبر ون پوری تندہی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کوپھر خیبر ایجنسی کے علاقوں ملک دین خیل، اکا خیل اور سپاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جس میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج ایک طرف شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا صفایا کر رہی ہے اور دوسری طرف خیبرایجنسی میں آپریشن خیبر ون کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز بھی اکا خیل کے علاقے میں پاک فوج کی ایک کارروائی کے دوارن نو دہشتگرد مارے گئے اور دس زخمی ہوئے جبکہ سپاہ، ملک دین خیل اور نالا میں عسکریت پسندوں کا ایک اہم مرکز تباہ کر دیا گیا آپریشن کے باعث پانچ سو خاندان محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر چکے ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :