خیر سگالی جذبات کے باوجود کوئی شک نہیں ہونا چاہیے،پیارے وطن کیخلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے،آرمی چیف، خطے میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل سے ہی قائم ہوسکتا ہے،کشمیریوں کے جذبے کو دباؤ اور ظلم سے دبایا نہیں جا سکتا،قوم کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی لعنت کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار،فاٹا سے بے گھر افراد توقع سے جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے،ملک کو دنیا میں با وقار مقام دلانے کا واحد راستہ حقیقی جمہوری اقدارکا فروغ اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ غیر متزلزل عزم ہے ہم پوری طرح ان اقدار کے ساتھ کھڑے ہیں ،ہماری نیت بارے کسی قسم کے تحفظات نہ صرف بے جا بلکہ ملک کیلئے بھی نقصان دہ ہیں جنرل راحیل شریف کا کاکول اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

اتوار 19 اکتوبر 2014 08:58

کاکول ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اکتوبر۔2014ء )چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ خیر سگالی اور امن و آشتی کے جذبات کے باوجود اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ اپنے پیارے وطن کیخلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، خطے میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل سے ہی قائم ہوسکتا ہے،کشمیریوں کے جذبے کو دباؤ اور ظلم سے دبایا نہیں جا سکتا جبکہ قوم کے ساتھ مل کر پورے عزم اور لگن سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ فاٹا سے بے گھر افراد توقع سے جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے ،قائداعظم کے خواب کے مطابق ملک کو عالم میں با وقار مقام دلانے کا واحد راستہ حقیقی جمہوری اقدارکا فروغ اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ غیر متزلزل عزم ہے ہم پوری طرح ان اقدار کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری نیت کے بارے میں کسی قسم کے تحفظات نہ صرف بے جا بلکہ ملک کیلئے بھی نقصان دہ ہیں ۔

(جاری ہے)

ہفتے کو یہاں 45غیر ملکیوں سمیت 12سو سے زائد کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ آج کی پریڈ میں ان کی طرف سے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے ا علیٰ معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے میں ہر کامیاب کیڈٹ کو مبارکباد دیتا ہوں جس نے دنیا کے اس بہترین ادارے میں تربیت حاصل کی ان کے خاندان بھی مبارکباد کے مستحق ہیں یہ آپ کی زندگیوں کے لئے ایک یادگار دن ہے اور مجھے اس موقع پرموجود ہونے پر فخر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور عالمی ماحول میں پاکستان میں کوئی نان سٹیٹ ایکٹر مرکزی حیثیت حاصل نہیں کرسکتے پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہمارے لئے مواقع بھی موجود ہیں اس صورتحال نے پاک فوج پر ذمہ داریوں کا غیر معمولی بوجھ ڈال دیا ہے ۔مہم جوئی ہماری فطرت میں نہیں بلکہ ہم مہم جوئیوں کا سامنا کرتے ہیں کیونکہ یہی کامیابی کا یقینی راستہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس دور میں پاک فوج میں آنے پر کیڈٹس مبارکباد کے مستحق ہیں اور وہ تاریخ میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں فوج حقیقی معنوں میں قومی یکجہتی کا نشان اور قوم کی امید ہے اور وہ پاکستان کے عوام کی توقعات پر پورا اترے گی ۔ہم پیشہ ورانہ صلاحیتوں جرات ، غیر متزلزل عزم اور جنگ کے لئے تیاریوں کے ساتھ اپنے کردار کو مضبوط بناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیڈٹ ایک مشکل سفر کا آغاز کررہے ہیں اس ادارے میں وقار ، سالمیت اور بے غرض عزم ان کیڈٹس میں بھر دیا ہے جو اس ادارے کا طرہ امتیاز ہے ۔

دنیا میں اعلیٰ ترین لڑاکا فوجیوں کے ساتھ مل کر آپ نے کام کرنا ہے اور آپ کی ذاتی خواہش آخری ترجیح ہوگی آج آپیہ مقدس حلف اٹھا رہے ہیں کہ چاہے کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑے آپ ہمیشہ پرعزم قوم کی توقعات پر پورا اترینگے جسے آپ پر بھرپور یقین ہے اور وہ بھی سیسہ پلائی دیوار بن کر آپ کے پیچھے کھڑی ہے ۔

آرمی چیف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاک فوج آج انتہائی تجربہ کار اور لڑاکا قوت بن چکی ہے بیرونی جارحیت ہو یا اندرونی سلامتی ، قومی تعمیر کی ذمہ داریاں ہوں یا سیلاب اور زلزلوں جیسے قدرتی آفات ہم نے ہمیشہ قوم کی توقعات پوری کی ہیں ہمارے افسران آگے بڑھ کر قیادت کرتے ہیں یہ ہماری پیشہ ورانہ اور فخریہ روایت ہے جس کا مظاہرہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کے دوران سامنے آیا ہے اس میں چار ہزار سے زائد افسروں اور جوانوں نے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں اور میرے عزیز کیڈٹس اب فوج آپ پر اعتماد کرتی ہے کہ آپ اس روایت کو آگے بڑھائینگے ۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ضرب عضب ایک روایتی آپریشن نہیں یہ ایک نظریہ ایک عزم ہے اور یہ قوم کی کمٹمنٹ ہے ۔ یہ عزم کہ پاکستان کو ہمیشہ کیلئے دہشتگردی کی لعنت سے پاک کیاجائے گا پاک فوج اس عزم پر عمل کے لئے کوشاں ہے ۔ شمالی وزیرستان میں ہم اپنے اس عزم کا اظہار کرچکے ہیں جہاں فوجی کارروائیاں فیصلہ کن نتائج لارہی ہیں پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے تعاون سے دہشتگردوں کے تعاقب اور ملک بھر میں ان کا نیٹ ورک تباہ کرنے کیلئے قابل تحسین کردار ادا کررہے ہیں ۔

ان کامیابیوں کے نتیجے میں ہمیں یقین ہے کہ فاٹا سے بے گھر ہونے والے لوگ توقع سے بھی جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائینگے اور واپسی پر وہ ان انشاء اللہ امن و خوشحالی کی زندگی اختیار کرینگے ۔ فاٹا اور ملک بھر میں پائیدار امن کیلئے تمام متعلقہ حلقوں اور ریاستی اداروں کی محنت ، لگن اور بروقت شمولیت ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی جارحیت کے مقابلے اور اسے شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اگرچہ ہم خطے اور دنیا بھر میں امن کے خواہاں ہیں امن کی خواہش ہماری قوم کی سب سے بڑی مضبوطی ہے ہم علاقائی استحکام اور مساوات و باہمی ا حترام کی بنیاد پر شراکت داری چاہتے ہیں ۔

خیر سگالی اور امن و آشتی کے جذبات کے باوجود اس امر میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ اپنے پیارے وطن کیخلاف کسی بھی جارحیت کا ہم منہ توڑ جواب دینگے اور اس مقدس فرض کے لئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل سے ہی قائم ہوسکتا ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں کہتی ہیں ۔

کشمیری عوام پر دباؤ اور ظلم کے ذریعے ان کے اعتماد کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا جو عالمی برادری کی طرف سے آزادی کے وعدے کے حصول کیلئے کوشاں ہیں یہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ کہ کشمیری بھائیوں کا عزم اور آزاد دنیا کے لئے مشترکہ سوچ جلد بارآور ہوگی اور ان کی خواہشات پوری ہونگی ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم پرخلوص طور پر دعا گو ہیں کہ افغانستان میں نئی سیاسی حکومت امن واستحکام اور افغانستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے عوام کیلئے خوشحالی لائے گی ۔

پاک فوج افغان سکیورٹی فورسز کی ہر ممکن مدد کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی تمام محب وطن پاکستانیوں کی طرح ہم بھی ملک میں استحکام چاہتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ اقوام عالم میں پاکستان کو بھی ہمارے عظیم قائد محمد علی جناح کی سوچ کے مطابق باوقار مقام ملے ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ یہ ثابت شدہ حقیقت ہے کہ یہ اس خواب کو پورا کرنے کا یقینی راستہ حقیقی جمہوری اقدار اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ غیر متزلزل عزم ہے ہم پوری طرح ان اقدار کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری نیت کے بارے میں کسی قسم کے تحفظات نہ صرف بے جا بلکہ ملک کیلئے بھی نقصان دہ ہیں ۔ آرمی چیف نے آخری میں کامیاب کیڈٹس کے عزم ، حوصلے کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ۔