لفظ مہاجر کو گالی نہیں دی،میرے بیان کا غلط مطلب لیا گیا، خورشید شاہ ،میرے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معافی چاہتا ہوں، قائد حزب اختلاف

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 08:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میں نے لفظ مہاجر کو گالی نہیں دی۔ میرے بیان کا غلط مطلب لیا گیا۔ میں مہاجروں کو گالی دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اگر میرے کسی الفاظ سے ایم کیو ایم یا کسی کی بھی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی چاہتا ہوں۔

وہ جمعہ کی شب بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں مہاجروں کو گالی دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ میرے آقا نبی کریمﷺ نے بھی مکے سے مدینہ ہجرت کی۔

(جاری ہے)

میں گالی دینے کو بھی گناہ سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو بیان دیا تھا۔ اس کا غلط مطلب لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیان کا مطلب یہ تھا کہ جو لوگ ہندوستان سے سندھ آئے ہیں۔

اب وہ اسی دھرتی کے باسی ہیں، مہاجر نہیں ہیں۔ وہ ہمارا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین ہمیشہ کہتے ہیں کہ سندھ میری ماں ہے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ میں تاریخی مہاجر ہوں۔ میرے آباء واجداد بھی عرب سے ہجرت کرکے سندھ آئے تھے۔ ہم ہجرت کرنے والوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم دوستوں اور کسی کی بھی میرے الفاظ سے دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی چاہتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :