میں شہیدوں کا وارث اور دھرتی کا رکھوالا ہوں، بلاول بھٹو ،اپنی والدہ شہید بے نظیر بھٹو کے ادھورے سفر کو مکمل کروں گا، چیئرمین پیپلز پارٹی

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 08:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں شہیدوں کا وارث اور دھرتی کا رکھوالا ہوں۔ اپنی والدہ شہید بے نظیر بھٹو کے ادھورے سفر کو مکمل کروں گا۔ عوام کے مسائل کو حل کرنا ہماری ترجیح اور ملک کو خوشحال بنانا ہمارا مشن ہے۔ آؤ میرا ساتھ دو تاکہ ہم شہید بی بی کے مشن کو پورا کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلاول ہاؤس میں کاروان جمہوریت ٹرک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، شرجیل انعام میمن، عبدالقادر پٹیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری جب ٹرک پر پہنچے تو کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نعرے لگائے ”یااللہ یارسول، بے نظیر بے قصور، چاروں صوبوں کی زنجیر بے نظیر، بے نظیر، نعرہ بھٹو جئے بھٹو، جئے بینظیر بھٹو ۔ اس موقع پر کارکنوں کا جذبہ قابل دید تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ دھرتی ہماری ہے۔ ہم اس کے رکھوالے ہیں۔ ہم بھٹو کے سپاہی ہیں۔ شہید بی بی کے مشن کے رکھوالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت ہے۔

پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے۔ پیپلز پارٹی جمہوریت کی محافظ ہے۔ ہم آج اس ٹرک پر چڑھ کر جمہوریت کے تحفظ کے لئے کاروان جمہوریت کا آغاز کررہے ہیں۔ اس سفر کا آغاز 18 اکتوبر 2007ء کو بے نظیر بھٹو نے وطن واپس آکر کیا تھا۔ انہوں نے جمہوریت کے لئے قربانی دی۔ آج ہم ان کے مشن کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم کو مخاطب کرکے کہتا ہوں کہ پاکستان کے رہنے والے تمام لوگ ہمارے ہیں۔

خیبرپختونخوا والے میرے بازو ہیں، بلوچستان میری شان ہے، پنجاب والے میری جان ہیں اور سندھ والے میری قوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ بھٹو کا نواسہ اور بی بی کا بیٹا ہفتہ کو عوام سے مخاطب ہوگا۔ میں عوام سے کہتا ہوں کہ آؤ مزار قائد آؤ، میرے ساتھ چلو تاکہ شہید بی بی کے مشن کو پورا کرسکیں۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سندھ کے تاج کا ہیرا ہیں جنہیں کوئی تقسیم نہیں کر سکتا۔سیاسی دجالوں اور طالبان نے ملک میں جو کچھ کیا وہ سب نے دیکھا۔ ہم طالبان سے ڈرنے والے نہیں ان کا مقابلہ کریں گے ۔جمعہ کو حیدرآباد کے دورے کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہوش محمد شیدی نے سندھ کے دشمنوں کو للکارا اور مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں کا نعرہ بلند کیا اور اسی نعرے کو بلند کرتے ہوئے دشمنوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان، سندھ اور کراچی ہمارا ہے اور خاص طور پر کراچی سندھ کے تاج کا کوہ نور ہے جسے الگ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب میں کچھ نہیں کھویا بلکہ دھاندلی کے باعث اسے کم سیٹیں ملیں تاہم پارٹی اب بھی پنجاب کی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سیاسی دجالوں اور طالبان نے ملک میں جو کچھ کیا وہ سب نے دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ طالبان سے ڈرنے والے نہیں بلکہ ان کا مقابلہ کروں گا۔