وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کا اعلیٰ سطح اجلاس، آپریشن ضرب عضب سمیت ملک کی اندرونی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،عسکری قیادت کی جانب سے مشرقی اور مغربی سرحدوں پر سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ، وزیر داخلہ نے بھی اجلاس میں ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال پر بریف کیا

جمعہ 17 اکتوبر 2014 08:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آپریشن ضرب عضب سمیت ملک کی اندرونی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر الاسلام اور نئے آئی ایس آئی چیف رضوان اختر سمیت وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں عسکری قیادت کی جانب سے مشرقی اور مغربی سرحدوں پر سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی اجلاس میں ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال پر بریف کیا اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب بھی زیر بحث لایا گیا اور اس میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا گیا جبکہ اجلاس میں ملک کی قومی سلامتی کی صورتحال پر بھی تفصیلی غور و حوض کیا گیا ۔