وفاق ،پنجاب کے بعدسندھ حکومت نے بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جواب سپریم کورٹ میں جمع کروادیا

جمعرات 16 اکتوبر 2014 08:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اکتوبر۔2014ء )بلدیاتی انتخابات کاانعقاد پنجاب سندھ کے پاس جواب جمع کروانے کے لیے آج جمعرات تک کی مہلت تھی جس پروفاق ،پنجاب کے بعدسندھ حکومت نے بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جواب سپریم کورٹ میں جمع کروادیاہے ،ذرائع کے مطابق وفاق اور پنجاب حکومت نے اپنے اپنے جوابات میں بتایاہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں ہدایات کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت نے جلد انتخابات یقینی بنانے کے لیے 2 اہم آرڈیننس جاری کردیئے ہیں۔

جس میں انتخابی فہرستیں اور حلقہ بندی ترمیمی آرڈیننس 2014 جاری کیا گیا ہے۔ آرڈیننس کے تحت بلدیاتی انتخابات کے لیے فہرستیں بنانے کے اختیارات الیکشن کمیشن کو مل گئے ہیں جبکہ حلقہ بندیوں سے متعلق تنازعات کا حل بھی الیکشن کمیشن کے سپرد کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صدارتی آرڈیننس میں الیکشن کمیشن کو بلدیاتی نشستیں مقررکرنے کا بھی اختیار دے دیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جتنا جلدی ہو ممکن بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت میں سندھ حکومت کا قانون سازی پر جواب مسترد کردیا تھا جس کے بعد سندھ، پنجاب کو آئندہ دو روز کے لیے بلدیاتی انتخابات کے لیے قانون سازی کے بل اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔جبکہ سندھ حکومت نے بھی اپنے جواب میں بتایاہے کہ وہ عدالت کویقین دہانی کراتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد کے لیے قانون سازی کرلیں گے ۔عدالت وقت دے ہم موثر قانون سازی کرناچاہتی ہے ۔