الیکشن کمیشن نے 212 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل ، نوٹیفکیشن جاری، سینیٹ کے 2 ،قومی اسمبلی کے 40 اراکین اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 180 اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ،ڈاکٹر عارف علوی، اویس مظفر ٹپی، ساجد نواز، ، دانیال عزیز، سمیت 212 اراکین کو کام کرنے سے روک دیا گیا

جمعرات 16 اکتوبر 2014 08:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اکتوبر۔2014ء ) الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 212 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کردی، تمام اراکین کو کام کرنے سے روکنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹ کے 2 اور قومی اسمبلی کے 40 اراکین اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 180 اراکین کی بھی رکنیت معطل کی گئی ہے، ڈاکٹر عارف علوی، اویس مظفر ٹپی، ساجد نواز، داور کنڈی، عاقب اللہ، قیصر جمال، دانیال عزیز، اویس لغاری، صدر الدین شاہ اور غلام ربانی کھر سمیت 212 اراکین کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جاری کئے گئے الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کروانے والوں کی تعداد 921 تھی، قومی اسمبلی کے 284، سینیٹ کے 101 اراکین نے تفصیلات جمع کروائیں، پنجاب کے 256، سندھ کے 135، خیبرپختونخوا کے 89 اور بلوچستان کے 56 ارکان نے اپنے مالیاتی گوشوارے جمع کروائے۔وقت پر گوشوارے جمع نہ کروانے والوں میں سینیٹر فروغ نسیم، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، عبدالغفور حیدری، عبدالقیوم سومرو، صدر الدین شاہ، گلزار خان اور وقار خان سمیت 250 اراکین شامل تھے۔