احتجاج اور دھرنوں کی منفی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر بڑ ا نقصان پہنچایا ہے،وزیر اعظم ، غیر ملکی سربراہوں کے دورے بھی دھرنے کرنے والوں کی غیر سیاسی سوچ کی نظر ہو گئے جس سے ملک کو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے محروم ہونا پڑا ، وزیراعظم نواز شریف کی ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو

بدھ 15 اکتوبر 2014 09:18

اسلام آباد / بورے والا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اکتوبر۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ احتجاج اور دھرنوں کی منفی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر بڑ ا نقصان پہنچایا ہے غیر ملکی سربراہوں کے دورے بھی دھرنے کرنے والوں کی غیر سیاسی سوچ کی نظر ہو گئے جس سے ملک کو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے محروم ہونا پڑا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد میں اپنے چیمبر میں ملاقات کرنے والے حلقہ 168(وہاڑی)بوریوالا ماچھیوال ممبر قومی اسمبلی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس سید ساجد مہد ی سلیم سے گفتگو کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی مسلم لیگ کی حکومت میں سیاسی معاشی استحکام شروع ہوتا ہے تو اس کے خلاف سازشیں شروع ہو جاتی ہیں عوام نے مسلم لیگ کو پانچ سال کیلئے حکومت کرنے کا مینیڈیٹ دیا ہے لیکن احتجاج کی سیاست کرنے والے ہمیں عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنے میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم نے وزیر اعظم کو اپنے حلقہ کے مسائل سے اگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا حلقہ زرعی اور پسماندہ ہے ا س لئے زرعی قرضوں کھاد اور ادویات کے لئے سہولتیں دی جائیں اور انہوں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو معروف روحانی درگاہ بابا حاجی شیر دیوان صاحب کے مزار پر معروف قانون دان محمد اکرم شیخ کے قائم کردہ رفاعی مینٹل ہسپتال کا افتتاح کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی اور کہا کہ وہ بہت جلد ان کے حلقہ انتخاب کا دوہ کرکے وہاں پر بڑے پیکج کا اعلان کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے گورنر پنجاب چوہدری سرور کی ملاقات‘ سیاسی معاملات اور پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والے دھرنوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس دوطرفہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے گذشتہ ہفتے وزیراعظم سے قبل وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔وزیراعظم سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے مختلف ارکان قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی جس میں ان کے متعلقہ حلقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔