دھرنے اور انقلاب والوں نے پلان اے کی ناکامی کے بعد پلان بی پر کام شروع کردیا ، اس میں بھی انہیں منہ کی کھانا پڑے گی ،سعد رفیق ، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی، انقلابی لیڈر کارکنوں سے ملنے کے دوران اپنے ناک پر رومال رکھ کر ملتے ہیں،ہمیں بھی عمران خان کیخلاف نعرے لگانے آتے ہیں مگر ہم ایسا نہیں کرینگے،جلسے کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے ،فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 14 اکتوبر 2014 09:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اکتوبر۔2014ء)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دھرنے اور انقلاب والوں نے پلان اے کی ناکامی کے بعد پلان بی پر کام شروع کردیا ہے اس میں بھی انہیں منہ کی کھانا پڑے گی ، انشاء اللہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو اپنے ووٹ کے ذریعے منتخب کیا ہے اور پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے ہم نے پہلے سال ہی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کی چودہ سال بعد پاکستان میں بجلی کے منصوبے شروع کئے گئے اس سلسلے میں چینی سرمایہ داروں کا اعتماد بحال کرکے ان کو یہاں منصوبوں کیلئے راضی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ترکی کے ساتھ بھی معاہدے کئے گئے ملک کی ترقی کے ٹریک پر آیا ہی تھا کہ ایک سازش کے تحت ملک کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش شروع کردی گئی عمران خان میں صبر نام کی کوئی چیز نہیں ان کی خواہش ہے کہ وہ راتوں رات ملک کے وزیراعظم بن جائیں مگر ایسے فیصلے جلد بازی میں نہیں ہوتے کیونکہ فیصلے کا حق صرف عوام کو ہے انہیں انتظار کرنا چاہیے وقت سے پہلے انتخابات کیلئے قلابازیاں نہ لگائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو تسلیم کیا اور وفاقی حکومت ان دونوں حکومتوں سے بھرپور تعاون بھی کررہی ہے عمران خان کو چاہیے کہ وہ خیبر پختونخواہ میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ آئندہ 2018ء کے انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جاسکیں تاکہ عوام اس کا فیصلہ کرسکے کیونکہ عوام ہی بہتر فیصلہ کرنے والے جج ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب والوں نے سیاست میں آنے کیلئے ڈرامہ رچایا پہلے انقلاب اور دھرنے والوں نے اداروں کا تصادم اور لاشیں گرانے کا پروگرام بنایا جس میں انہیں ناکامی ہوئی جھوٹ بولنے سے لوگوں کے ذہینوں کو تبدیل نہیں کیاجاسکتا جبکہ انقلابی لیڈر کارکنوں سے ملنے کے دوران اپنے ناک پر رومال رکھ کر ملتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے کوئی لوٹ مار نہیں کی اگر ثابت ہو جائے تو ہم ہر قسم کی سزا بھگتنے کو تیار ہیں ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم نے سوا سال میں دودھ کی نہریں بہا دی ہیں ہم ملک کو ترقی کی راہوں میں لانے کیلئے نکلے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بھی عمران خان کیخلاف نعرے لگانے آتے ہیں مگر ہم ایسا نہیں کرینگے کیونکہ وزیراعظم نے اپنی جماعت کے تمام وزراء اور مرکزی رہنماؤں کو سختی سے ہدایت کررکھی ہے کہ ایسے حالات پیدا نہ کئے جائیں جس سے ملک میں بدامنی پیدا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کی بحالی کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں وزیراعظم نواز شریف کی کوشش اور ہدایت ہے کہ کراچی میں بھتہ خوروں ، دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلنگ کرنے والے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہو جس میں کوئی بے گناہ افراد گرفتار نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے ہمیں طاہر القادری اور عمران خان کے جلسوں سے خوشی ہے اس سے عوام کا شعور بیدار ہوا ہے ۔

متعلقہ عنوان :