مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، نواز شریف، وہی حل قابل قبول ہوگا جس میں پاکستان ‘ بھارت اور کشمیری عوام شامل ہوں امریکہ کے ساتھ تعلقات میں تجارت ہماری ترجیح ہے ، پاکستانی اشیاء کو امریکی منڈیوں تک رسائی دی جائے ،امریکی کانگریس کے وفد سے گفتگو،ملاقا ت میں پاک امریکہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 14 اکتوبر 2014 09:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے وہی حل قابل قبول ہوگا جس میں پاکستان ‘ بھارت اور کشمیری عوام شامل ہوں امریکہ کے ساتھ تعلقات میں تجارت ہماری ترجیح ہے پیر کے روز امریکی کانگریس کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقا ت کی جس میں پاک امریکہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے بھاشا اور داسو ڈیم میں امریکی امداد پر شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں تجارت ہماری ترجیح ہے اور پاکستانی اشیاء کی امریکی منڈیوں تک رسائی ضروری ہے پاکستانی اشیاء کو امریکی منڈیوں تک رسائی دی جائے۔ وزیراعظم نے پاک بھارت تعلقات کے بارے میں کہا کہ پاک بھارت تعلقات مذاکرات کے ذریعے بہیتر بنائے جاسکتے ہیں دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات کی منسوخی مایوس کن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنی قرار دادوں کا خود احترام کرنا چاہیے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل یقینی بنایا جائے اور مسئلے کے حل کیلئے کشمیریوں کو بھی ضرور حصہ دار ہونا چاہیے مسئلہ کشمیر کا وہی حل قابل قبول ہوگا جس میں پاکستان ‘ بھارت اور کشمیری عوام شامل ہوں۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز ،سیکریٹری خارجہ اور وزیر اعظم کے سیکریٹری جاوید اسلم بھی موجود تھے۔