سانحہ ملتان عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے،سعد رفیق ،بجلی کی اووربلنگ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ہمارے خلاف آنے والے فیصلوں پر شدید تحفظات رکھتے ہیں، تحریک انصاف کی لیڈر شپ کو جھوٹی ایف آئی آرز درج کرانے کا شوق ہے، انرجی بحران سے نکلنے کے لئے وزیراعظم جلد ہی چائنہ جائیں گے، وفاقی وزیر ریلوے کی پریس کانفرنس

پیر 13 اکتوبر 2014 08:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اکتوبر۔2014ء) سانحہ ملتان عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے بجلی کی اووربلنگ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ہمارے خلاف آنے والے فیصلوں پر شدید تحفظات رکھتے ہیں، تحریک انصاف کی لیڈر شپ کو جھوٹی ایف آئی آرز درج کرانے کا شوق ہے، انرجی بحران سے نکلنے کے لئے وزیراعظم جلد ہی چائنہ جائیں گے تحریک انصاف جیسی بے حس لیڈر شپ اپنے پورے سیاسی کیریئر میں نہیں دیکھی ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنما وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ ملتان تحریک انصاف کے جلسہ میں بھگڈر کے نتیجہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی ہے اور حکومت ان زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھے گی، انہوں نے کہا کہ بڑی عجیب بات ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی اس حادثہ کی ذمہ داری انتظامیہ کے سر تھوپنے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ان کا پرانا وطیرہ ہے یہ صاحبان جھوٹ بھی بولتے ہیں اور ثابت بھی نہیں کر سکتے جبکہ انہیں جھوٹی ایف آئی آرز درج کرانے کا بھی بڑا شوق ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر جلسہ گاہ، سٹیج، لائٹ اور سٹیج پر اپنی پسند کے افراد کو بیٹھانے کا اختیار ہوتا ہے، جس وقت ملتان کے جلسہ میں بھگڈر مچی اور لوگ جاں بحق وزخمی ہونے لگے اس وقت عمران خان تقریر کررہے تھے کیا انہیں تقریر روک کر مائیک پر اعلان نہیں کرنا چاہیے تھا تاکہ لوگ بھگڈر کا شکار نہ ہوتے، انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ کی جگہ کا انتخاب بھی ان کی مرضی سے کیا گیا اور سارا کنٹرول بھی ان کے پاس تھا، انہوں نے کہا کہ نفرت اور اشتعال کی سیاست زمانہ جہالت کی سیاست ہے جس کا دور گزر چکا ہے آج صرف مذاکرات سے معاملات سدھارے جا سکتے ہیں جبر اور ڈنڈے کے زور پر حکومتیں ختم کرنی ہیں تو پھر کس حکومت کا وقت پورا ہو سکے گا،

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جبر اور ڈنڈے کے زور پر کئی حکومتوں کو گرایا گیا جس سے پاکستان کو سالوں پیچھے دھکیلا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جب بھگڈر مچی اور لوگ ہلاک اور زخمی ہو گئے تو عمران خان صاحب اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر ڈنر کرنے ایئرپورٹ پر روانہ ہو گئے کیا ان کا اپنے کارکنوں کے گھر جا کر ہمدردی کرنے کا فرض نہ تھا انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے سیاسی کیریئر میں اتنا بے حس لیڈر نہیں دیکھا انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس جب ایک وزیر ہمدردی کے لئے جاں بحق وزخمی ہونے والوں کی عیادت کے لئے گیا تو اس کی بے عزتی کی گئی، انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنے خلاف ہونے والے فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کے اووربلنگ پرایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس کا ازالہ کرے گی، انہوں نے کہا کہ انرجی بحران سے نکلنے کے لئے وزیراعظم جلد ہی اس کے لئے چائنہ جائیں گے۔