جدہ سے پرواز کراچی کی بجائے اسلام آباد پہنچ گئی ، مسافر سراپا احتجاج، پرواز بعض اہم شخصیات کے باعث اسلام آباد لے جائی گئی،مسافروں کا دعویٰ، پرواز شیڈول سے تھی‘ترجمان پی آئی اے

اتوار 12 اکتوبر 2014 09:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اکتوبر۔2014ء )جدہ سے آنے والی قومی ایئر لائن کی پرواز کراچی کی بجائے اسلام آباد پہنچ گئی جس پر مسافروں نے احتجاج کیا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ پرواز بعض اہم شخصیات کے باعث اسلام آباد لے جائی گئی جبکہ پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پرواز شیڈول سے تھی۔ میڈیارپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون تھری ٹو جدہ سے کراچی آنی تھی لیکن یہ پرواز کراچی کے بجا ئے اسلام آباد لینڈ کر گئی جس کے باعث مسافروں نے جہاز سے اترنے سے انکار کر دیا۔

جہاز میں 250 مسافر موجود تھے جن میں زیادہ تعداد حجاج کرام کی تھی۔ مسافروں کے اترنے سے انکار کے بعد انتظامیہ نے اْن سے مذاکرات کئے اور کراچی کے مسافروں کے لئے دوسرے جہاز کا انتظام کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے مسافروں کو خالی بورڈنگ کارڈ بھی جاری کئے گئے ۔ بورڈنگ بورڈ کارڈز پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اْن پر کچھ بھی درج نہیں ہے۔ مسافروں نے الزام لگایا ہے کہ طیارے میں وزیر مملکت برائے تعلیم اور داخلہ محمد بلیغ الرحمان سمیت کئی سیاسی شخصیات سوار تھیں اس لئے پرواز اسلام آباد اتاری گئی۔

محمد بلیغ الرحمان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس پرواز میں نہیں تھے بلکہ جمعرات کو حج مکمل کر کے جدہ سے براہ راست اسلام آباد آنے والی پرواز میں تھے۔ اور ان کی وجہ سے کسی پرواز کا رخ تبدیل نہیں کیا گیا۔ ادھر پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حج پرواز کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے اسلام آباد کے مسافروں کو اس پرواز میں سوار کیا گیا تھا۔