ہمیں پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کیلئے کام کرنا چاہیے ، کیلاش ستیارتھی کی ملالہ یوسفزئی سے ملاقات میں اظہار خیال ،یورپی یونین کی دونوں نوبل انعام یافتہ سماجی کارکنوں کو مبارکباد

اتوار 12 اکتوبر 2014 09:38

نئی دہلی ، برسلز (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اکتوبر۔2014ء) بھارتی نوبل انعام حاصل کرنیوالے سماجی کارکن کیلاش ستیارتھی نے پاکستان نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں پاک بھارت امن کیلئے کام کرنا چاہیے ۔ دوسری جانب یورپی یونین نے دونوں نوبل انعام حاصل کرنیوالوں کو مبارکباد دی ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے ملالہ یوسفزئی کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کرکے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں پاک بھارت امن عمل کیلئے کام کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملالہ نے میری اس سوچ کو سراہا ہے انہوں نے کہا کہ ملالہ اور میں نے بچوں کے حقوق کیلئے بھی مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔دریں اثناء یورپی یونین نے ملالہ اور کیلاش کو نوبل انعام ملنے پر مبارکباد دی ہے یورپی یونین کمیشن کے صدر جوز مینوئل اور یورپین کونسل کے صدر مرمائن وین رومیوا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دونوں سماجی کارکنوں کو یہ انعام تعلیم اور بچوں کے حقوق کیلئے ان کے کام کا اعتراف اور خراج تحسین ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی بیٹی نے تعلیم کے فروغ کیلئے جو کام کیا وہ اس نوبل انعام کی حقدار تھیں ۔