پاکستان میں اگلی باری جماعت اسلامی کی ہے،سراج الحق ،ہم تیسری بار نئے پاکستان کے متحمل نہیں ہوسکتے ہمیں اسلامی پاکستان کی ضرورت ہے ،امیر جماعت اسلامی پاکستان

اتوار 12 اکتوبر 2014 09:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اکتوبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان میں اگلی باری جماعت اسلامی کی ہے ۔ استعماری قوتیں ہمیں جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں ۔ امریکی معیشت کا دارومدار جنگی اسلحہ کی فروخت پر ہے وہ اپنی معیشت کو قائم رکھنے کے لیے دنیا بھر میں جنگیں کروا کر بے گناہ انسانوں کا قتل عام کر رہاہے ۔

ہم جمہوری قدروں پر یقین رکھتے ہیں ۔ قوم جلد دیکھے گی کہ پاکستان اسلامی انقلاب کا گہوارہ بن رہا ہے ۔ ہم نے اجتماع عام میں اسلامی تحریکوں کے قائدین کے ساتھ ساتھ غیر مسلم تنظیموں کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے ۔ ہم رنگ و نسل ، مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر دنیا کے سامنے ایک روشن اسلامی پاکستان پیش کرنا چاہتے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی گجرات کے زیراہتمام کھاریاں میں ڈونرز کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس اور امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ ، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب اظہر اقبال حسن اور ڈاکٹر عبیداللہ گوہر بھی سٹیج پر موجود تھے ۔سراج الحق نے کہاکہ ہم اسلامی اور ڈیموکریٹک ہیں ۔ ہم پاکستان میں ایک فرد، خاندان اور معاشرے کی ترقی چاہتے ہیں ۔

کچھ لوگ نئے پاکستان کی بات کر رہے ہیں ہم نے 1947 ء اور 1971 ء میں نیا پاکستان بنایا لیکن عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم تیسری بار نئے پاکستان کے متحمل نہیں ہوسکتے ہمیں اسلامی پاکستان کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح  نے جس پاکستان کی بنیاد رکھی تھی ، وہ نظریہ اسلام اور کلمہ کی بنیاد پر وجودمیں آیا تھا ۔

قائد اعظم  نے اپنی تقریروں میں بار ہا فرمایا تھاکہ پاکستان کا دستور قرآن ہوگا۔ پاکستان کی خاطر ہجرت کرنے والوں اور لاکھوں جانوں کی قربانی دینے والوں کے پیش نظر اسلامی پاکستان تھا۔ہم اسی تحریک کو دوبارہ نئے عزم کے ساتھ شروع کرنا چاہتے ہیں جب تک ہم پاکستان کو اس کے نظریہ کے مطابق نہیں بنالیتے ، چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی اقتدار پر 68 سال سے وہی مٹھی بھر اشرافیہ قابض ہے جن کو انگریزوں نے اپنی قوم و ملت سے غداری کے عوض جاگیریں عطا کی تھیں ۔

سیاست ، معیشت اور قومی اداروں پر سرمایہ داروں اور مراعات یافتہ وڈیروں کا قبضہ ہے ۔یہ قبضہ مافیا بار بار چہرے اور پارٹیاں بدل کر عوام کو غربت کی چکی میں پیس رہاہے ۔ اسی مٹھی بھر اشرافیہ نے ہمارے بچوں کو ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کا غلام بنایا ہواہے۔ آج ہر پاکستانی انہی اشرافیہ کی بدولت فی کس ایک لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات سید احسان اللہ شاہ نے سراج الحق کو جماعت اسلامی کے اجتماع عام کے لیے 20 لاکھ روپے کا چیک دیا اور معززین نے نقد عطیات پیش کیے ۔