ملتان،تحریک انصاف کے جلسے میں بھگدڑ مچنے سے8 افراد جاں بحق‘ 45 زخمی،عمران خان کے خطاب کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور سٹیڈیم سے باہر نکلتے ہوئے گیٹ پر بہت سے افراد دب گئے، جان بحق اور زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، پی ٹی آئی کی مقامی قیادت جلسہ گاہ سے غائب، جنریٹر بند ،امدادی کاروائیوں میں دشواری کا سامنا ، صدر،وزیراعظم،قائدحزب اختلاف،وفاقی وزرا اور دیگر کا سانحہ ملتان پر اظہار دکھ

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 08:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2014ء) تحریک انصاف کے جلسے میں بدنظمی بھگدڑ مچنے سے کئی لوگ گیٹ میں پھنس گئے‘ 8 افراد جاں بحق‘ 45 زخمی ہوگئے ملتان کے جلسہ میں عمران خان کے خطاب کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور سٹیڈیم سے باہر نکلتے ہوئے گیٹ پر بہت سے افراد دب گئے جس کے باعث 45 افراد زخمی ہوئے جنہیں امدادی ٹیموں نے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جہاں 8 زخمی جاں بحق ہوگئے، جان بحق اور زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

جاں بحق افرادمیں اللہ دتہ ،محمداعظم ،جاویداور4نامعلوم افرادشامل ہیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی ۔جبکہ زخمیوں میں نادیہ ،عبداللہ ،ندیم ،اعجاز،علی ،سکندر،عباس،فیصل پیرزادہ شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق جلسے کے بعد حسین آگاہی گیٹ کے قریب بھگدڑ مچنے سے 8 افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہوئے جبکہ ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان نے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں میں بیشتر کی حالت نازک ہے اور جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جلسہ گاہ میں بھگدڑمچنے کے بعدپی ٹی آئی کی مقامی قیادت جلسہ گاہ سے غائب ہوگئی جبکہ منتطمین نے جنریٹربندکردیاجس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کاسامناکرناپڑا۔ ادھرصدر،وزیراعظم،قائدحزب اختلاف،وفاقی وزراء ،ڈاکٹرطاہرالقادری،الطاف حسین اورسیاسی رہنماوٴں نے ملتان سانحہ پرافسوس کااظہارکیا،وزیرداخلہ نے واقعہ کی تحقیقات کاحکم دیدیا،صدرمملکت ممنون حسین اوروزیراعظم میاں نوازشریف نے اپنے الگ الگ بیانات میں ملتان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیااورجاں بحق افرادکے لواحقین سے تعزیت اورمغفرت کی دعاکی ۔

وفاقی وزراء،قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سیدخورشیدشاہ ،چیئرمین سنیٹ سیدنیئرحسین بخاری ،ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین ،عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری ،مولانافضل الرحمن اورسیاسی رہنماوٴں نے ملتان واقعہ پرافسوس کااظہارکیا۔وزیرداخلہ چوہدری نثارنے واقعہ پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کاحکم دیدیا۔