حکمران بھارتی فوجوں کی جانب سے سرحدوں پرحملوں پربھیگی بلی بنے بیٹھے ہیں اپنے عوام پرحملے کرارہے ہیں،شیخ رشیداحمد، مجھ پرحملہ نوازشریف ،شہبازشریف نے پولیس کی سرپرستی میں اپنے گلوبٹوں کے ذریعے کروایاہے ،کل کاجلسہ عمران خان کاتاریخی ہوگا،حکومت ہوش کے ناخن لے ،مجھے مریم کے ٹویٹ پردکھ ہے ،میں نے آج تک مریم نواز،حمزہ شہبازیابلاول کے بارے میں بات نہیں کی،اگریہ آگ پھیل گئی تومارشل لاء کوکوئی نہیں روک سکتا،ملتان میں پریس کانفرنس

جمعہ 10 اکتوبر 2014 09:11

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ حکمران بھارتی فوجوں کی جانب سے سرحدوں پرحملوں پربھیگی بلی بنے بیٹھے ہیں اوراپنے عوام پرحملے کرارہے ہیں ،مجھ پرحملہ نوازشریف ،شہبازشریف نے پولیس کی سرپرستی میں اپنے گلوبٹوں کے ذریعے کروایاہے ،کل کاجلسہ عمران خان کاتاریخی ہوگا،حکومت ہوش کے ناخن لے ،مجھے مریم کے ٹویٹ پردکھ ہے ،میں نے آج تک مریم نواز،حمزہ شہبازیابلاول کے بارے میں بات نہیں کی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ میں نمبرون سے ڈرتاہوں ،مریم کوبیٹی سے کہتاہوں ،میری لڑائی نوازشریف ،شہبازشریف سے ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں نے جوقربانی کی بات کی تھی مگربکرالنگڑانکلااورداغی نکلا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج اگرملک بھرمیں گونوازگوکے نعرے لگ رہے ہیں تویہ عمران خان کی سیاست کاکردارہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم اس ملک میں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں ،حکمرانوں نے 70ارب روپے بجلی کے بلوں میں ڈالے ۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے آج تک ایک بھی آدمی میریٹ پربھرتی نہیں کیاخواہ یاوہ صدیق الفاروق ہویاپی آئی اے کاکوئی عہدیدارہو۔انہوں نے کہاکہ میں چوہدری نثارکوکہتاہوں کہ ہم ایک علاقے کے ہیں ہم میں اختلافات ہیں لیکن ہم لوگوں کے گھروں پرحملہ نہیں کرتے ،مجھے یقین ہے کہ حکومت ان بدمعاشوں کے خلاف کارروائی کریگی۔

انہوں نے کہاکہ میں چوہدری نثارکوکہتاہوں کہ اگریہ آگ پھیل گئی تومارشل لاء کوکوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہاکہ اسلام آبادمیں اتنے لمبے عرصے سے دھرناجاری ہے ،وہاں گولیاں چلیں ،ٹیئرگیس چلالاشیں گریں ،حملے ہوئے مگرایک پتہ بھی نہیں گرا۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ کے لوگ مارشل لاء لگواناچاہتے ہیں اورکہہ رہے ہیں ہم غیرآئینی کام کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پی پی پی ،ن لیگ ،جے یوآئی (ف)سب اکٹھے ہوجائیں ۔انہوں نے کہاکہ میں میڈیاکوسلام پیش کرتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ہرحکومت کی مرضی سے ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت بھارت سے تعلقات بڑھارہے ہیں حسین نوازانڈیاکے ساتھ بیک ڈورچینل بڑھارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف تمام فیصلے خودسمدی اوربیٹے کے ساتھ کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میں ن لیگ ملتان کے ایم این ایزسے کہتاہوں کہ وہ باہرنکلیں ایسانہ ہومارشل لاء لگ جائے ۔انہوں نے کہاکہ میرے پرحملے کرنے والے حملہ کررہے تھے توایس ایس پی ملتان کہہ رہاتھاکہ یہ ان کاجمہوری حق ہے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اگرعمران خان کے جلسے میں حملے کی کوشش کی گئی توحکمرانوں کی اینٹ سے اینٹ بج جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ جب حکومتیں جاتی ہیں توحملے شروع ہوجاتے ہیں ،ماضی میں بھی یہی ہواہے ،حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اوریہ پولیس اورغنڈوں کے ذریعے حکومت چلارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اگلاسال الیکشن کاسال دیکھ رہاہوں ۔انہوں نے کہاکہ میرے اوپرحملہ شریف برادران کی سازش ہے اورمیرے میزبان بابوانصاری نے کل تھانے میں درخواست دی تھی کہ کچھ مشکوک افرادہماراپیچھاکررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہماری جنگ نظام کی تبدیلی اورخون کے آخری قطرے اورسانس تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ میں اپنے اوپرہونے والے حملے کامقدمہ درج نہیں کراتا،مجھ پراب تک پانچ حملے ہوئے میں نے کئی میتیں بھی اٹھائیں ،میں سب کومعاف کرتاہوں ۔

انہوں نے کہاکہ گلوبٹوں نے میرے پوسٹرزپھاڑے جوتیاں ماریں میں انہیں سلام پیش کرتاہوں میرے پوسٹروں سے بھی شریف برداران خوفزدہ ہیں ،قوم حکومتی کی نااہل پالیسیوں سے تنگ ہے اورتبدیلی چاہتی ہے ۔شیخ رشیدکی ملتان میں پریس کانفرنس کے موقع پربھی پی ٹی آئی اورعوامی مسلم لیگ کے کارکنوں نے گونوازگوکے نعرے لگائے۔