عمران خان پاکستان کی سیاست میں پانی کا بلبلہ ہے،بلبلے کو بنانے والا ہاتھ اور ہے ،آصف علی زرداری،نوازشریف کو حوصلہ دیا تاکہ ڈٹ کر جمہوری اداروں کا تحفظ کرسکیں،سیاسی قوتوں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا ہوگا،پیپلزپارٹی فیصل آباد ڈویژن کے کارکنوں اور رہنماؤں سے خطاب

جمعہ 10 اکتوبر 2014 09:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی سیاست میں پانی کا بلبلہ ہے،نوازشریف کو حوصلہ دیا تاکہ ڈٹ کر جمہوری اداروں کا تحفظ کرسکیں۔لاہور میں پیپلزپارٹی فیصل آباد ڈویژن کے کارکنوں اور رہنماؤں سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان پاکستانی سیاست میں پانی کا بلبلہ ہے اور اس بلبلے کو بنانے والا ہاتھ اور ہے،سیاسی قوتوں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت بچانے کیلئے نوازشریف کی مدد کی اور انہیں اس لئے حوصلہ دیا تاکہ وہ ڈٹ کر جمہوری اداروں کا تحفظ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کارکنوں کی جماعت ہے میں کارکنوں سے ہوں اور کارکنوں کی تجاویز کو غور سے سنتا ہوں،میرے اور کارکنوں کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں ہے،کارکن میری حقیقی طاقت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی محرومیاں اور ان کے شکوے دور کریں گے اور پنجاب کو پیپلزپارٹی کا قلعہ بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سیااسی قوتیں پاکستان میں تبدیلی نہیں چاہتیں،مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کی سوچ ایک جیسی ہے،میں ان کی لڑائی کا مزہ لے رہا ہوں،کارکن بھی مزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ خوب جانتا ہوں سیاست میں جگہ کیسے بنانی ہے،پاکستان پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک کل بھی تھا اور آج بھی ہے،وقت آنے پر ثابت کروں گا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ مفاہمت کا راستہ ملکی مفاد اور جمہوریت کے لئے اختیار کیا،پارٹی رہنماؤں کے درمیان خلیج کو بتدریج دور کیا جائے گا۔