شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں ایک اور ڈرون حملہ، 4 افراد ہلاک،ایک زخمی ،گزشتہ 5 روز میں شمالی وزیرستان میں 5 ڈرون حملوں میں اب تک 28 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں

جمعہ 10 اکتوبر 2014 09:06

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء) میران شاہ کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ذرا ئع کے مطابق امریکی ڈرون طیارے نے پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے لومان میں ایک گاڑی پر 2 میزائل فائر کئے جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

ڈرون حملے کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل کیا جب کہ مقامی افراد نے حملے میں زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ یہ گزشتہ 5 روز میں امریکی ڈرون طیاروں کا شمالی وزیرستان میں پانچواں ڈرون حملہ ہے جس کے نتیجے میں اب تک 28 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ دو روز قبل بھی امریکی ڈرون طیاروں نے دتہ خیل کے علاقوں کنڈ غر اور کونسٹر میں گاڑی اور ایک گھر پر متعدد میزائل فائر کئے جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے